سوال

راستے میں آتے ہوئے گنے سے لدی ایک ٹریکٹر ٹرالی کے اگلے دونوں ٹائر پنکچر ہوگئے، ٹرالی کا کچھ حصہ سڑک پر رہ گیا۔ رات نو، دس بجے کا وقت تھا۔ پندرہ بیس منٹ کے وقفے میں ایک کار تیزی سے آ کر ٹرالی سے ٹکرا گئی، اور کار میں موجود ڈرائیور فوت ہو گیا۔

چند افراد نے ٹرالی کے پیچھے کھڑے ہو کر موبائل سے بتیاں بھی جلا رکھی تھیں، تاکہ آنے والے خبردار ہو جائیں۔

اب فوت ہونے والے کے لواحقین مطالبہ کر رہے ہیں کہ ٹریکٹر والے کار مرمت کروا کر دیں۔

ایسی صورت میں شریعت کا کیا حکم ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

عام طور پر جب کسی کی گاڑی راستے میں خراب ہو جاتی ہے تو دیکھا گیا ہے کہ لوگ اسے پوری طرح سڑک سے ہٹا کر کنارے نہیں کرتے، بلکہ وہیں روک دیتے ہیں۔ بعض اوقات تو کوئی علامت بھی نہیں لگاتے، اور اگر لگائیں بھی تو محض ظاہری سا انتظام کرتے ہیں، جیسے کچھ فاصلے پر پتھر رکھ دینا یا کچھ وقت کے لیے کسی کو کھڑا کر دینا وغیرہ۔

اگر اس واقعہ میں ایسی ہی غلطیاں اور کوتاہی ہوئی ہے، یعنی ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر روک کر مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے، تو ایسی صورت میں ان پر جرمانہ اور اس قتل کی دیت بھی ان کے ذمہ ہونی چاہیے، کیونکہ ان کی غفلت اس حادثے کا سبب بنی۔

لیکن اگر ٹریکٹر والوں نے اپنی طرف سے بھرپور احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں، مثلاً:

1:  ٹریکٹر ٹرالی حتی الامکان سڑک کے کنارے کر دی،

2:  مناسب فاصلے پر خطرے کے اشارے یا علامتیں لگا دیں،

3:  اور لوگوں کو متنبہ کرنے کے لیے پیچھے کھڑے ہو کر روشنی وغیرہ سے اشارہ بھی کیا،

تو پھر ایسی صورت میں اگر ڈرائیور اپنی غفلت یا تیز رفتاری کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گیا ہے، تو یہ سارا معاملہ اسی ڈرائیور کی غلطی شمار ہو گا۔

اس صورت میں ٹریکٹر والوں پر نہ دیت لازم ہے، نہ کفارہ اور نہ ہی ان سے کار بنوانے کا مطالبہ کرنا مناسب ہے۔

لہٰذا اگر سوال میں مذکورہ صورت حال واقعی اسی طرح ہے، یعنی حفاظتی انتظامات موجود تھے، اور حادثہ محض ڈرائیور کی تیزی و غفلت کے باعث پیش آیا، تو لواحقین کا ٹریکٹر والوں سے کار بنوانے کا مطالبہ شرعاً درست نہیں ہے۔

البتہ اگر وہ ازراہِ ہمدردی یا جھگڑے سے بچنے کے لیے گاڑی بنوانے میں مدد کریں، تو یہ ان کی اعلیٰ ظرفی ہوگی۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ