سوال (3294)

میرا سوال یہ ہیں کہ قضائے الٰہی اور رضائے الٰہی میں فرق اور جب اعلان کیا جائے تو قضائے الٰہی کہنا چاہیے یہ رضائے الٰہی کہنا چاہیے۔

جواب

میں ایک طالب علم ہونے کی حیثیت سے اس نتیجے پر پہنچا ہوں، قضاء اللہ کا فیصلہ، مشیت، تقدیر ہے، رضا یہ بھی اللہ تعالیٰ کی مشیت اور ارادہ میں ہے، لیکن اس کا تعلق اللہ تعالیٰ کی رضامندی اور رضوان سے ہے، جیسا کہ الفاظ سے ظاہر ہے، لیکن ہر قضاء رضا کو مستلزم نہیں ہے، البتہ ہر رضا قضاء کو مستلزم ہے، وہ مالک ہے۔ لہذا اس پر بات نہیں کی جا سکتی ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے۔

“لَا يُسْأَلُ عَمَّا يَفۡعَلُ وَهُمۡ يُسْأَلُونَ” [سورة الانبياء : 33]

«اس سے نہیں پوچھا جاتا اس کے متعلق جو وہ کرے اور ان سے پوچھاجاتا ہے»

“فَعَّالٌ لِّمَا يُرِيۡدُ” [سورة البروج : 16]

«کر گزرنے والا ہے جو چاہتا ہے»
اہل علم یہ بات جانتے ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ

شیخ محترم اس میں آپ نے قضا اور رضا میں جو نسبت بیان کی ہے وہ عموم خصوص مطلق کی بیان کی ہے لیکن اس پہ مجھے اشکال ہے کہ اس کا تو یہ مطلب ہے کہ پھر اللہ کی ہر رضا لازمی قضا ہو گی یعنی اللہ کا ارادہ شرعیہ لازمی پھر اللہ کا ارادہ کونیہ بنے گا، شیخ محترم کہیں ایسا تو نہیں کہ یہاں اللہ کی رضا سے جو آپ مراد لے رہے ہیں وہ اللہ کا ارادہ شرعیہ نہیں ہے؟
ہمارے ہاں دو اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں.
پہلی اللہ کا ارادہ کونیہ اور دوسری اللہ کا ارادہ شرعیہ ہوتا ہے کونیہ کون سے ہے یعنی جو ہو جائے یعنی جو اللہ کی قضا ہو جو فائنل اللہ کا فیصلہ اس دنیا میں لاگو ہوتا ہے اسکو کونیہ کہتے ہیں جبکہ شرعیہ سے مراد وہ کام جو اللہ نے صاحب اختیار مخلوق پہ فرض کیے ہیں مثلا جھوٹ نہ بولنا نماز پڑھنا توحید کا اقرار کرنا وغیرہ,
ان دونوں کو نیچے سمجھتے ہیں,
اللہ کی تمام مخلوق کے افعال مندرجہ ذیل دو طرح کے ہوتے ہیں.
(1) : جس میں مخلوق مجبور محض ہو یعنی اسکو اختیار نہ ہو جیسے سورج چاند کا نکلنا وغیرہ.
(2) : دوسرے وہ افعال جس میں مخلوق کو اختیار دیا گیا ہو جیسے جن و انس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کچھ کام کر سکتے ہیں لیکن یہاں اللہ نے اختیار دینے کے ساتھ حکم بھی دیا ہے کہ ان دو راستوں میں سے تم نے فلاں راستہ اختیار کرنا ہے اور یہ بات شریعت کے ذریعے بتائی گئی ہے پس اس لحاظ سے ان افعال کو مزید مندرجہ ذیل دو قسموں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
2.1۔ یہ افعال شریعت کے مطابق ہوں یعنی اللہ کے ارادہ شرعیہ کے مطابق ہوں یعنی اللہ کی رضا کے مطابق ہوں مثلا امیر حمزہ کا اسلام قبول کرنا،
2.2۔ یہ افعال اللہ کی رضا یا ارادہ شرعیہ کے مخالف ہوں جیسے حبشی کا حمزہ رضی اللہ عنہ کو شہید کرنا
اب یہ اوپر جو تقسیم کی ہے انکو دیکھتے ہیں کہ ان میں ارادہ کونیہ کونسی ہے اور ارادہ شرعیہ کون سی ہے
اوپر جو پہلے نمبر پہ بیان کی گئی ہے یعنی چاند ستاروں کا چلنا تو یہ صرف ارادہ کونیہ ہے اس میں ارادہ شرعیہ کا کوئی دخل نہیں کیونکہ یہاں اختیار ہی نہیں اور ارادہ شرعیہ وہاں ہوتا ہے جہاں اختیار ہو
اوپر دوسرے میں پہلی قسم یعنی 2.1 میں جہاں امیر حمزہ کا اسلام لانا ہے وہ ارادہ کونیہ بھی ہے اور ارادہ شرعیہ بھی ہے یعنی دونوں ایک ہو گئے۔
اوپر دوسرے کی دوسری قسم یعنی 2.2 میں جہاں حبشی کا عمل ہے اوہاں رادہ کونیہ تو ہے لیکن ارادہ شرعیہ موجود نہیں ہے کیونکہ وہ کام یا فعل شریعت کے خلاف ہے.
پس خلاصہ مندرجہ ذیل نکلا
1۔ ہر کام لازمی میں ارادہ کونیہ ہوتا ہے یعنی اللہ کی قضا والا ہی ہوتا ہے
2۔ جس کام میں اختیار نہ ہو وہاں ارادہ شرعیہ نہیں ہوتا صرف کونیہ ہوتا ہے
3۔ جس کام میں مخلوق کو اختیار ہو وہاں ارادہ شریعہ اور کنیہ دونوں ہوتے ہیں لیکن یہ دونوں کبھی ایک بھی ہو سکتے ہیں کبھی مخالف بھی ہو سکتے ہیں.
اوپر میری اس بحث کو سمجھنے کے بعد اب اوپر سوال کو دیکھتے ہیں.
آپ سوال میں اگر ارادہ کونیہ کو قضا کہ لیں اور ارادہ شرعیہ کو رضا کہ لیں تو پھر بھی سوال کا جواب دینے سے پہلے ہمیں کچھ دیکھنا ہو گا کہ ہم کس مخلوق کے فعل کو دیکھ رہے ہیں اگر تو ہم فوت ہونے والے کے فعل کو دیکھ رہے ہیں تو اس فوت ہونے والے کے لحاظ سے وہ مجبور محض ہے اور یہ ارادہ کونیہ ہے اس میں ارادہ شرعیہ کا کوئی دخل نہیں یعنی یہ قضا الہی ہے رضا الہی کا معاملہ نہیں,
لیکن اگر ہم اس کو فوت کرنے والے سبب بننے والی صاحب اخٹیار مخلوق کا فعل دیکھ رہے ہیں کہ کس نے اسکو قتل کیا یا وجہ بنا چاہے وہ خود ہی ہو تو اس صورت میں ارادہ کونیہ اور ارادہ شرعیہ دونوں ہو سکتے ہیں لیکن اس صورت میں دونوں میں اختلاف بھی ہو سکتا ہے.
اس لیے اگر منطقی لحاظ سے دیکھنا ہے تو بہتر ہے قضائے الہی کہا جائے رضائے الہی بہتر نہیں البتہ ہمارے معاشرے میں منطقی لحاظ سے ایسا نہیں کہا جاتا نہ عوام کو ان بحثوں کا پتا ہے انکے ہاں قضائے الہی اور رضائے الہی ایک ہی معنی میں ہیں پس منطق کو ایک طرف رکھ کر اور عموم خصوص مطلق والی بات ایک ایک طرف رکھ کر اگر یہ کہ دیا جائے تو ایسی کوئی بات نہیں واللہ اعلم بالصواب
اس میں دوسری قسم میں ارادہ کونیہ یعنی قضا اور ارادہ شرعیہ یعنی رضا دونوں پائے جاتے ہیں تو اس میں نسبت ہو سکتی ہے
اس میں 2.1 میں تو نسبت تساوی ہے جبکہ 2.2 میں نسبت تباین ہے عموم خصوص کی نسبت نہیں۔

فضیلۃ الباحث ارشد محمود حفظہ اللہ