سوال (757)

روبوٹس بنانا اور مشین لرننگ کی فیلڈ میں کام کرنا کیسا ہے؟

جواب

روبوٹ اور مشین بنانا اور اسے ٹرین کرنا تاکہ وہ انسانوں کی طرح مختلف ذمہ داریاں ادا کرے، یہ جائز ہے اس میں کوئی حرج نہیں، یہ بالکل ایسے ہی ہوگا، جیسا کہ دیگر کمپیوٹرائز سسٹمز سے انسانی ذمہ داریاں لی جاتی ہیں۔
لیکن اس میں اس بات کا اہتمام کرنا چاہیے کہ اسے مکمل انسان یا کسی جانور یا حیوان کی طرح نہ بنایا جائے، تاکہ یہ بت اور صنم تراشی کے زمرے میں نہ آئے۔
ویسے بھی کسی روبوٹ سے جو بھی کام لینا ہو، اس کے لیے اس کا انسانی یا کسی بھی حیوانی شکل کا ہونا ضروری نہیں، لیکن چونکہ اس میدان میں عموما کام کرنے والے لوگ اسلامی تعلیمات سے واقف یا ان کے پابند نہیں ہوتے، لہذا اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے اسے مکمل طور پر انسانی یا کسی حیوانی شکل کا بنانے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے ایک تو یہ حرام کا ارتکاب کرتے ہیں، دوسرا یہ بھی حقیقت ہے کہ انسان جتنا مرضی زور لگا لیں، اللہ کی تخلیق کی طرح کبھی نہیں بنا سکتے!

فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ