سوال (5322)

ایک بچہ جو چھوٹا ہے، اس کو والد مسجد میں لا کر صف میں کھڑا کر دیتا ہے، وہ صف سے کبھی ادھر جاتا ہے، کبھی ادھر جاتا ہے، تو اس وجہ سے صف میں خلل آ جاتا ہے، تو اس صورت میں کیا کرنا چاہیے؟

جواب

حدیث کی رو سے، جو چھوٹے بچے ہیں، یعنی نابالغ بچے، ان کی صف پیچھے بنائی جائے گی۔ اب ہمارے ہاں یہ رواج نہیں رہا، اور لوگ الٹا عجیب سی باتیں کہتے ہیں کہ “ارے یہ بچہ تو پہلی صف کے لیے آیا تھا، آپ نے پیچھے کر دیا”، حالانکہ اس کی پہلی صف وہی ہے جو شریعت نے اس کے لیے مقرر کی ہے۔
نہ بچے کو اس پر پریشان ہونا چاہیے نہ ہی اس کے والدین کو، کیوں کہ یہ ایک شریعت کا اصول ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ اگر بچہ بالغوں کے ساتھ صف میں کھڑا ہو بھی جائے، تو پھر اس کی تربیت اتنی پختہ ہونی چاہیے کہ اُسے پتا ہو کہ وہ نماز میں ہے۔ اگر والدین ساتھ لاتے ہیں تو صرف اتنا کہنے سے صف خراب نہیں ہو جاتی۔ یہ فتوٰی دینے کا مقام نہیں، لیکن انسان ہونے کے ناطے اگر کوئی بچہ ناسمجھی میں آگے کھڑا ہو جائے تو اس پر سختی نہ کی جائے، ہاں اگر یہ معاملہ بار بار ہو تو اس کو نرمی سے سمجھانا چاہیے۔
یہ باتیں توجہ طلب ہیں، اور ان کا حل افہام و تفہیم سے نکلتا ہے۔ سب کو اٹھا کر باہر نکال دینے کا فتوٰی نہیں دیا جا سکتا، ہاں اگر پریشانی ہو رہی ہو تو کوشش کریں کہ بچہ پیچھے کھڑا ہو، یا اس کی مناسب رہنمائی کی جائے کہ بیٹا یہاں کھڑے ہونا ہے، تاکہ نظم بھی قائم رہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سوال: مسجد میں اندر تین صفیں ہیں، ای سی بھی ہے، بچے کافی ہیں، جمعے کے دن ایک شخص نے کہا ہے کہ ان کو باہر بیٹھا دو، اس حوالے سے رہنمائی کریں، دوسری بات نماز کھڑی ہوگئی تو کیا ان کو باہر کھڑا کریں گے؟

جواب: اس میں دو تین باتیں ذہن میں رکھیں۔

(1) اگر بچوں کو مسجد سے نکالا جاتا ہے، وہ شوق سے پہلے آتے ہیں، ہم ان کو پیچھے ہٹا دیتے ہیں تو اس کا نتیجہ خطرناک نکلے گا، وہ بچے مسجد سے دور ہو جائیں گے، شرعی حکم صرف اتنا ہے، امام کے قریب وہ لوگ کھڑے ہوں، اگر امام کے ساتھ کوئی مسئلہ بن جائے تو وہ امام کی جگہ کھڑے ہو جائے، بچوں کو نہیں ہٹایا جا سکتا ہے، اگر وہ بچے امام سے پہلے آئے ہیں، اور بڑے جماعت سے ایک یا دو منٹ پہلے تشریف لاتے ہیں، بچوں کو پیچھے کیا جاتا ہے، بچوں کو سمجھ آ جائے گی، وہ تاخیر سے آئیں گے، پھر مسجد ہی چھوڑ دیں گے، اگر کوئی بھائی اعتراض کرتا ہے تو آپ اس کو کہہ دیں کہ قرآن و حدیث سے دلیل پیش کرو، بچوں کو پیچھے کیا جائے یا مسجد سے نکال دیا جائے۔

(2) اگر پہلی صف میں بیٹھنا ہے تو پہلے آنے کی کوشش کریں، ورنہ برداشت کریں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ