سوال
سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی دوائیوں کیلئے گورنمنٹ ایک بجٹ مختص کرتی ہے پھر اس بجٹ سے سرکاری افسران مختلف ادویات خرید کر مختلف امراض کیلئے مختص کردیتے ہیں ۔ اب ایک دوائی شوگر کیلئے ہسپتال میں رکھی گئی ہے لیکن اس دوائی سے موٹاپے کا علاج بھی بہت اچھا ہوتا ہے ۔اس ہسپتال میں موجود ڈاکٹر حضرات مریضوں کو وہ دوائی موٹاپے کو کم کرنے کیلئے بھی دیتے ہیں، لیکن پرچی پر شوگر کا ہی لکھتے ہیں تاکہ وہ دوائی مریض کو دلا سکیں۔
ڈاکٹر حضرات کا کہنا ہے کہ
(1)وہ دوائی بہت مہنگی ہے عام لوگ اس کو خرید نہیں سکتے ۔
(2)موٹاپے کے علاج کیلئے سرجری اور آپریشن کرنے کی بجائی یہ دوائی زیادہ اچھی اور بہتر ہے ۔
کیا ڈاکٹرز کے لیے ایسا کرنا جائز ہے کہ وہ شوگر کی ادویات ان مریضوں کو دلائیں جو موٹاپے کا شکار ہیں؟
جواب
الحمد لله وحده والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
سرکاری ہسپتالوں اور رفاہی دواخانوں میں اصل مرکز و محور مریض ہوتا ہے۔مریض کو دیکھا جاتا ہے کہ اس کو کس دوا کی ضرورت ہے؟حکومت مختلف ادویات کے لیے بجٹ مختص کرتی ہے اورسرکاری افسران مختلف ادویات اس بجٹ سے خرید کر ہسپتالوں میں رکھ دیتے ہیں۔ لہذا جب مقصد مریض کو نفع پہنچانا اور اس کی مشکل کوحل کرنا ہے، تو اس میں کوئی بھی دوائی کسی بھی درست مقصد کے لیے کسی بھی مریض کو دی جاسکتی ہے۔
بعض دفعہ ایسی دوا ہوتی ہے، جو مریض کی شوگر کو کنٹرول نہیں کرتی ، لیکن اسے کوئی اور بیماری جیسا کہ موٹاپا وغیرہ لاحق ہوتی ہے، وہ اس کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے۔ لہذا ڈاکٹر تجربے کی بنیاد پر ایک مرض کی دوا دوسرے مرض کے لیے تجویز کرسکتاہے۔ زیادہ سے زیادہ اتنا ہے ،کہ پرچی پر شوگر لکھا جاتا ہے حالانکہ مریض کو شوگر نہیں ہے۔ تو یہ فارمیلٹی کے طور پر لکھنا مجبوری ہے، کیونکہ وہ شوگر کی دوائی کے طور پر ہی مشہور و معروف ہے، کسی اور مرض کا لکھا جائے، تو وہ دوائی نہیں مل سکے گی۔
مفادِ عامہ اور مریض کی مصلحت کے پیشِ نظر اگر اس طرح کیا جائے، تاکہ مہنگی ترین دوائیاں مریضوں کی دسترس میں آجائیں، تو امید ہے اللہ رب العالمین اس پر مواخذہ نہیں کریں گے۔ ان شاءاللہ۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ