سوال (4532)

سسر کی جائیداد میں سے بیوہ بہو کو حصہ مل سکتا ہے؟ بیوہ کے اپنے بیٹے بیٹیاں بھی موجود ہیں۔

جواب

بہو کا براہ راست سسر کی جائیداد میں کوئی حصہ نہیں ہے، الا یہ کہ کوئی ثلث کی وصیت کردے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سسر کی جائیداد میں سے بہو کا حصہ نہیں ہے، مرنے والے کے پوتے پوتیاں اس صورت میں وارث بن سکتے ہیں کہ میت کے بیٹے اور باپ نہ ہوں، اسی طرح اگر شادی شدہ بیٹا باپ کی وفات کے بعد فوت ہوا تھا تو اس بیٹے کا حصہ نکلے گا پھر اس کو ملنے والا حصہ اس کی بیوہ و اولاد میں شرعی اصول کے مطابق تقسیم ہوگا۔

فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ

سائل:آپ کی بات سے یہ تو تصدیق ہو گئی کہ سسر کی جائیداد سے بہو کا حصہ نہیں ہوتا، ہاں صرف یہ پوچھنا تھا کہ اگر پوتے پوتیاں اپنے دادا کے ترکے میں ملنے والے حصے سے آپس میں اپنی ماں کو کچھ دے دیں تو شرعی اعتبار سے اس میں کچھ حرج نہیں ہے۔

جواب: جی اس میں کوئی حرج نہیں، اپنی ماں کو دے رہے ہیں، اسے تحفہ کہہ لیں یا ھبہ و عطیہ کہہ لیں، ماں پر خرچ کرنا تو باعثِ ثواب ہے لیکن اسے وراثتی حق نہ سمجھا جائے۔

فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ