الحمدللہ ٹیولپ بینکوئٹ مری روڈ شکر پڑیاں متصل اسلام آباد کلب، اسلام آباد میں “المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی” کی جانب سے “سیرت النبیﷺ ایگزیبیشن” کا کامیاب ترین انعقاد کیا گیا۔
جس پر ہم اللہ رب العالَمین کا بےحد شکر ادا کرتے اور قبولیت و توفیقِ مزید کا سوال کرتے ہیں۔
پھر اہلیانِ اسلام آباد و پنڈی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جس نے لوگوں کا شکریہ ادا نہ کیا اُس نے اللہ تعالیٰ کا بھی شکر ادا نہ کیا۔
ایگزیبیشن  مؤرخہ 8 اکتوبر بروز اتوار صبح 9 بجے سے رات 11 بجے تک منعقد کی گئی جس میں اہلیانِ اسلام آباد و پنڈی نے اپنے بچوں و بزرگوں سمیت بھر پور تعداد میں شرکت کی۔ جو کم و بیش 4000 سے 5000 افراد پر مشتمل تھی ولِلّٰہِ الحمدُ والمِنّۃ۔
یہاں ایگزیبیشن میں نسبتاً بڑا سیٹپ لگایا گیا جس میں مرکز المدینہ کے مشائخ ِ کرام (فاضلین مدینہ یونیورسٹی) نے رحمتِ عالَم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے مکی و مدنی دور، نبی رحمت ﷺ کے خصائص، معجزات و اخلاقِ حمیدہ سے نہ صرف مکمل آگاہی فراہم کی بلکہ سیرتِ طیبہ کی روشنی میں آج کیسے ہم مختلف شعبہ ہائے زندگی میں راہنمائی حاصل کرسکتے ہیں اسے بھی واضح کیا گیا۔
ایگزیبیشن میں درجِ ذیل جدید و منفرد ذرائع استعمال کیے گئے:
√ ۔ خوبصورت و دیدہ زیب مرتب اجمالی و تفصیلی پینافلیکسز۔
√ ۔ نہایت منفرد و عمدہ ماڈلز (دورِ نبوی کا مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مسجدِ نبوی، حجرہ سیدہ عائشہ صدیقہ کے ماڈلز)۔
√ ۔ VR (Virtual Reality) کے ذریعے مکمل مسجدِ نبویﷺ اور حجرہ مبارکہ کا تفصیلی منظر بھی لوگوں کو دکھایا گیا۔
√ ۔ کوئز پروگرام (شرکاء آن لائن سیرت سے متعلقہ سوالات کے جوابات دیتے جس پر انہیں ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ دیے جاتے)۔
√ ۔ اور آخر میں میڈیا وال پر شرکاء سیرت ایگزیبیشن سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے اور فیڈ بیک دیتے۔
√ ۔ ایگزیبیشن میں ویٹنگ ایریا، مرد و خواتین کی الگ الگ نماز کی جگہ، اسلامی بُک اسٹال، مختلف فوڈ اسٹالز اور دیگر سہولیات بھی موجود تھیں۔
عوام و خواص کی شرکت:
ایگزیبیشن میں جہاں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی وہاں ایک بڑی تعداد وجہاء و خواص کی بھی تھی جن میں علمائے کرام، یونیورسٹی کے طلباء و طالبات خصوصاً فاسٹ، کامسیٹس کے وہ طلباء و پروفیسرز بھی اپنی فیملیز کے ساتھ شریک ہوئے جو ہماری گزشتہ ہفتہ فاسٹ و کامسیٹس میں منعقدہ اسی سیرت ایگزیبیشن میں شریک نہ ہوسکے تھے۔ نیز اسلام آباد و پنڈی کی مختلف آرگنائزیشنز و اداروں کے ذمہ داران بھی اچھی تعداد میں لوگوں کو ایگزیبیشن میں لے کر آئے تھے۔
امتیازی بات:
نیز امتیازی بات یہ تھی کہ ہماری اس ایگزیبیشن میں کراچی اور دیگر پنچاب کے اطراف سے بھی کچھ لوگ خاص طور پر شریک ہوئے۔
نبراس انسٹیٹوٹ کے رضاکار:
یونیورسٹیز اور اسلام آباد کی اس عوامی ایگزیبیشن میں المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کے ساتھ نبراس انسٹیٹیوٹ کے رضاکار ساتھیوں کی کاوشیں و خدمات بھی قابلِ ذکر ہیں جس پر ہم ان کےلیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ رب تعالیٰ ان ساتھیوں دنیا و آخرت میں کامیابیاں عطا فرمائے اور مزید ہمت و حوصلہ سے نوازے۔

ٹیم اسلامک ریسرچ سینٹر