سوال
سیہ حلال ہے یا حرام؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
سیہ ، خار پشت، شکونڑ وغیرہ یہ ایک ہی جانور کے نام ہیں، جسے عربی میں ’قنفذ‘ کہا جاتا ہے۔ اس کی حلت و حرمت میں اختلاف ہے، لیکن جمہور علمائے کرام کے نزدیک یہ حلال ہے ۔ ہمارے نزدیک یہی موقف درست ہے،کیونکہ حیوانات کے متعلق اصل حلت اور اباحت ہے اور وہی جانور حرام ہیں جنہیں شریعت نے حرام قرار دیا ہے۔
یہ جانور خرگوش اور ہرن کی طرح نباتات کھاتا ہے اور کچلی سے شکار کرنے والے درندوں میں سے بھی نہیں ہے۔
اس کی حرمت کی دلیل کے طور پر درج ذیل روایت بیان کی جاتی ہے:
عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے کسی نے خارپشت کے متعلق سوال کیا تو انہوں نے درج ذیل آیت پڑھ دی: ’’ کہہ دیں، بذریعہ وحی جو احکام میرے پاس آئے ہیں ان میں سے کسی کھانے والے کے لئے کوئی چیز جسے وہ کھانا چاہے میں حرام نہیں پاتا سوائے اس کے کہ وہ مردار ہو یا بہتا ہوا خون ہو یا خنزیر کا گوشت ،وہ ناپاک ہے یا وہ فسق کہ اس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو ‘‘۔
مجلس میں موجود ایک آدمی نے کہا:
“سمعتُ أبا هريرة يقول: ذُكِر عندَ النبيِّ صلى الله عليه وسلم فقال: “خَبيثةٌ مِن الخَبائثِ” فقال ابنُ عمر: إن كان قال رسولُ الله صلى الله عليه وسلم هذا، فهو كما قال ما لم نَدْرِ”.
میں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اس کا ذکر ہوا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’یہ خبیث جانوروں میں سے ایک خبیث جانورہے‘۔
یہ سن کر حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کہا اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا ہے تو پھر وہی بات فیصلہ کن ہے ۔[سنن ابی داود:3799]
لیکن یہ روایت ضعیف ہے اس کے سلسلہ سند میں عیسی بن نمیلہ اور ان کے والد دونوں ہی مجہول راوی ہیں۔ اسی طرح ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرنے والے راوی کی بھی پہچان نہیں ہے۔ ،اسی وجہ سے اسے امام خطابی، امام بیہقی، حافظ ابن حجر اور شیخ البانی وغیرہ کئی ایک اہل علم نے ضعیف قرار دیا ہے۔ [ارواء الغلیل: 2492]
لہذا ہمارے رجحان کے مطابق خارپشت حلال ہے لیکن اگر کسی کا دل اس کے کھانے پر آمادہ نہ ہو تو اس کے لیے کھانا واجب اور ضروری بھی نہیں ہے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ