سوال (3595)

السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
کیا شعب الایمان صحیح حدیث کی کتاب ہے؟ اور اس کتاب کی احادیث پر عمل کیا جا سکتا ہے؟

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ شعب الایمان للبہیقی میں صحیح اور ضعیف ہر قسم کی روایات موجود ہیں، لہذا کسی بھی حدیث کی تحقیق کے لیے کسی عالم دین سے رہنمائی لینا ضروری ہے۔
البتہ امام بیہقی رحمہ اللہ نے مقدمے میں اس بات کی صراحت کی ہے:

«وأنا على رسم أهل الحديث أحب إيراد ما أحتاج إليه من المسانيد والحكايات بأسانيدها، والاقتصار على ما لا يغلب على القلب كونه كذبا.». [شعب الإيمان 1/ 84 ط الرشد]

جس سے محسوس ہوتا ہے کہ امام صاحب نے موضوع اور من گھڑت روایات سے اجتناب کرنے کی کوشش کی ہے۔
شعب الایمان کا جو ایڈیشن مکتبۃ الرشد بتعاون الدار السلفیۃ سے چھپا ہے، اس میں محقق نے ہر حدیث پر حکم بھی لگا دیا ہے، جس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
اردو میں اس کا ترجمہ کتاب و سنت ڈاٹ کام پر دیکھا ہے، دار الاشاعت کراچی سے چھپا ہے، مترجم کا نام قاضی ملک محمد اسماعیل صاحب ہے۔ اس میں احادیث کی تحقیق کا اہتمام نہیں کیا گیا، کیونکہ اس میں غالبا جس عربی نسخے پر اعتماد کیا گیا ہے، وہ سعید بسیونی زغلول کی تحقیق کے ساتھ ہے، انہوں نے صرف تخریج ذکر کی ہے، احادیث کی تحقیق اور حکم کی طرف توجہ نہیں دی. اور اردو مترجم نسخے میں بھی انہیں تعلیقات و حواشی کو تقریبا ہو بہو نقل کر دیا گیا ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ