سوال

ایسا ٹریڈنگ سوفٹویر جس میں عام ٹریڈنگ کے ساتھ شارٹ سیلنگ ہو۔ اس میں آپشنز کی کئی اقسام ہیں جس میں سے ایک دو کے علاوہ باقی سب میں یا تو غرر ہے یا سٹہ وغیرہ شايد، لیکن ایک دو صحیح بھی ہیں۔ coverd call , reserve puts مارجن آکاوئنٹ پر ٹریڈنگ ہے۔ گو ابھی پیسے کا لین دین سسٹم میں شامل نہیں ہے وہ لوگ یعنی بروکر اپنے پاس مینج کرتے ہیں۔

اس سافٹویئر پر بطور سافٹ ویر انجینئر کام کرنا جو کسی باہر کے کلائنٹ کے لیے ہے جائز ہے یا ناجائز۔

اس کا فتوی مجھے پی ڈی ایف میں سٹیمپ کے ساتھ چاہیے۔ جزاكم اللہ احسن الجزاء.

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

اس حوالے سے اصول یاد رکھیں کہ ایسی چیز بنانا یا ایسے فیچر شامل کرنا جس کا درست یا غلط دونوں استعمال ہوں، تو اس کے درست استعمال کی نیت سے اسے بنانا جائز ہے، باقی اگر کوئی اسے غلط استعمال کرے گا تو وہ اس کا خود ذمہ دار ہو گا۔

لیکن ایسی چیزیں بنانا یا ایسے فیچرز ایڈ کرنا جن کا استعمال ہوتا ہی غلط ہو یا وہ ناجائز سروسز اور کاروبار کا ذریعہ بنتا ہو، تو ایسی چیزیں اور ٹولز بنانا درست نہیں۔ اور نہ ہی کسی ایسی کمپنی میں کام کرنا جائز ہے۔

جس کمپنی میں جائز اور ناجائز دونوں قسم کے کام کرنا پڑتے ہوں، وہاں بھی نوکری کرنا جائز نہیں، کیونکہ یہ برائی میں تعاون کی ایک صورت ہے جو کہ درست نہیں۔ ارشاد باری تعالی ہے:

“وَتَعَاوَنُـوْا عَلَى الْبِـرِّ وَالتَّقْوٰى ۖ وَلَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْـمِ وَالْعُدْوَانِ ۚ وَاتَّقُوا اللّـٰهَ ۖ اِنَّ اللّـٰهَ شَدِيْدُ الْعِقَابِ”.[سورۃ المائدہ:2]

’ایک دوسرے سے تعاون کرو نیکی اور بھلائی کے کاموں میں، اور گناہ کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون نہ کرو‘۔

اور حدیث میں آتا ہے:

“لَعَنَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ آكِلَ الرِّبَا وَمُؤْكِلَهُ وَشَاهِدَيْهِ وَكَاتِبَهُ”. [سنن ابى داؤد:1206]

’رسول اللہ ﷺ نے سود لینے والے، سود دینے والے، اس کے دونوں گواہوں اور اس کے لکھنے والے پر لعنت بھیجی ہے‘۔

سود کھانے کھلانے والے براہ راست برائی میں ملوث ہوتے ہیں، لیکن ساتھ گواہوں اور کاتبوں کو بھی لعنت میں شامل کیا گیا، کیونکہ وہ اس سسٹم کو سہولت فراہم کرتے ہیں، یہی حکم ایسے سافٹ ویئرز اور ایپس بنانے والوں کا ہے جو سود اور جوے وغیرہ کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

لہذا آپ کے لیے مذکورہ کام کرنا درست نہیں ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ