سوال (1588)
ایک مرتبہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے ہوئے تھے ، ایک آدمی نے آکر کہا پریشان اور تنگ دست ہوں ، آپ نے فرمایا جب بھی گھر داخل ہو السلام علیکم کہا کرو اور سورۃ اخلاص پڑھا کرو ، اس نے ایسا ہی کیا ، ایک سال بعد پھر ملا تو بتایا کہ حالات بہت درست ہیں۔
کیا ایسی کوئی روایت ہے ؟
جواب
یہ روایت کچھ اس طرح ہے کہ سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آکر فقر و فاقے اور تنگی کی شکایت کی تو آپ نے فرمایا: “جب تم اپنے گھر میں داخل ہو تو سلام کرو خواہ وہاں کوئی موجود ہو یا نہ ہو، پھر مجھ پر سلام پیش کرو، اور ایک بار (سورۃ) قل ھو اللہ احد پڑھو” ۔ چنانچہ اس شخص نے یونہی کیا تو اللہ تعالی نے اس پر رزق کی بارش فرمادی، حتی کہ اس کے پڑوسیوں اور رشتہ داروں کو بھی فیض یاب کیا۔
[القول البدیع فی الصلاۃ علی الحبیب الشفیع للسخاوی ص : 135]
اس حدیث کی سند کو امام سخاوی نے ضعیف قرار دیا ہے۔
اسی طرح کی ایک روایت امام ابن کثیر نے اپنی تفسیر میں جریر بن عبداللہ سے بیان کی اور اس کی سند کو ضعیف کہا ہے۔ [تفسیر ابن کثیر: ج : 8، ص : 525]
فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ