سوال (1921)
مسجد کے ہال کمرے کا فرش 6 انچ اونچا ہے، جبکہ مسجد کے صحن کا فرش 6 انچ ڈاؤن ہے، صحن میں نماز پڑھنے کی صورت میں کمرے کے فرش کا جو سٹیپ بنتا ہے ، کیا اس کو بطور سترہ استعمال کیا جا سکتا ہے؟
جواب
سترہ کتنا اونچا ہونا چاہیے؟ اس بارے سیدنا طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
“إذَا جَعَلْتَ بَيْنَ يَدَيْكَ مِثْلَ مُؤَخَّرَةِ الرَّحْلِ فَلاَ يَضُرُّكَ مَنْ مَرَّ بَيْنَ يَدَيْكَ”.
[سنن ابی داؤد: ۶۸۵]
’جب تو اپنے آگے اونٹ کے کجاوے کے پچھلے حصہ کے برابر کوئی چیز کر لے تو تیرے آگے سے گزرنے والا تجھے کوئی نقصان نہیں دے گا‘۔
کجاوے کا پچھلا حصہ کتنا ہوتا ہے؟ اس بارے مشہور تابعی عطاء بن أبی رباح رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
“آخِرَةُ “الرَّحْلِ ذِرَاعٌ فَمَا فَوْقَهُ”.
[سنن ابی داؤد:۶۸۶]
’اونٹ کے کجاوے کا پچھلا حصہ ذراع یا اس سے زیادہ اونچا ہوتا ہے‘۔
لہذا عام آدمی کی ذراع تقریبا ڈیڑھ فٹ ہوتی ہے، یعنی کم وبیش اتنی کوئی چیز اونچی ہو گی تو سترہ بنے گی، اس سے کم اونچائی والا سترہ کافی نہیں ہے۔
سوال میں جو انچائی سترے کی بیان کی گئی ہے وہ کم ہے۔
فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ