سوال (2086)
سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی تدفین کہاں ہوئی تھی؟
جواب
سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کا روزہ مبارک تو عراق میں ہے، البتہ آپ کے سر کی تدفین کے حوالے سے کافی اختلاف ہے، لیکن جمہور اہل علم کے مطابق آپ کے سر مبارک کو مدینہ منورہ میں دفن کیا گیا۔
شيخ الإسلام ابن تيميہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
“والذي رجحه أهل العلم في موضع رأس الحسين بن علي رضي الله عنهما، هو ما ذكره الزبير بن بكار في كتاب ” أنساب قريش”، والزبير بن بكار هو من أعلم الناس وأوثقهم في مثل هذا ذكر أن الرأس حمل إلى المدينة النبوية، ودفن هناك”.
’’سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کے سر مبارک کے دفن ہونے کی جگہ کے حوالہ سے اہل علم نے جس قول کو راجح قرار دیا ہے، وہ زبیر بن بکار رحمہ اللہ کا قول ہے جسے انہوں نے اپنی کتاب جمھرة نسب قریش میں ذکر کیا ہے، کیونکہ زبیر بن بکار رحمہ اللہ اس قسم کے واقعات میں دوسروں کی نسبت زیادہ معلومات رکھنے والے اور قابل اعتماد ہیں وہ بیان کرتے ہیں کہ آپ کے سر مبارک کو مدینہ لایا گیا اور یہاں ہی دفن کیا گیا‘‘۔ [مجموع الفتاوى: 4/ 509]
فضیلۃ الباحث اسد اللہ بھمبھوی حفظہ اللہ