تاجروں کے لیے منتخب صحیح بخاری
الحمدللہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی رسولہ الامین محمد بن عبداللہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم أما بعد:
آج زندگی کا ایک اور ارمان پورا ہوا، اس پر میں اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں، کہ راقم کی خاص دعاوں میں سے ایک دعا یہ بھی ہوتی ہے کہ الہی میری نسلوں اور میرے شاگردوں مین دین کی خدمت کا سلسلہ قیامت تک جاری رکھنا۔
آج میں اپنی اولاد میں سے اپنی بڑی بیٹی کا پہلا مرتب کردہ رسالہ شائع کررہا ہوں۔ الحمدللہ میری بڑی بیٹی رمیثہ جو کہ خاصہ کی طالبہ ہے، اس نے میرے توجہ دلانے پرتاجروں کے لیے صحیح بخاری سے احادیث کا انتخاب کیا۔ فجزاہا اللہ خیرا، نیز حسد پر بھی راقم نے اپنی بیٹی سے ایک اہم کام کروایا ہے جو اگلے دنوں میں شائع کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ
راقم کی عادت ہے کہ جان بوجھ کر اپنے بچوں کو دینی کتب کے ساتھ وابسطہ رکھتا ہے مثلا کسی کو کہہ دیا کہ میرے مکتبہ سے مسند احمد لانا، کسی کو کہا کہ فلاں کتاب سے فلاں حدیث تلاش کرنا، کسی کو کہہ دیا کہ فلاں مضمون کمپوزنگ کرنا یا فلاں کتاب سے فلاں نمبر حدیث نکالیں یا فلاں کتاب سے فلاں مسئلہ نکالیں وغیرہ۔ الحمدللہ اس طرح بچوں کے اندردینی کتب کا تعارف اور کتب سے محبت پیدا ہورہی ہے۔
یہی رویہ اپنے شاگردوں اور متعلقہ احباب سے بھی رکھنے کی کوشش کرتا ہوں، جو بھی راقم کے ساتھ رابطہ رکھتا ہے اس کو کچھ نہ کچھ کام کرنے کی طرف توجہ دلاتا رہتا ہوں تاکہ وہ میرے لیے صدقہ جاریہ بنیں۔
پر فتن دور میں اپنے بچوں کو گھر میں دینی ماحول دیں اور انھیں دینی تعلیم دلوائیں تاکہ وہ فتنوں سے محفوظ رہیں اور والدین کے لیے صدقہ جاریہ بن سکیں۔
اس رسالہ میں تاجروں کے متعلق صحیح بخاری سے احادیث کا انتخاب کیا گیا ہے، تاکہ اسی بہانے ہمیں صحیح بخاری جیسی مبارک کتاب میں سے کچھ پڑھنا نصیب ہو، ممکن ہے اس سے قرآن و حدیث کے مطالعہ کا ذوق پیدا ہو۔
یاد رہے کہ تجارت کے مسائل بہت سی اہم ترین کتب شائع ہو چکی ہیں، ہمارے اس رسالہ کوکافی نہ سمجھیں بلکہ مفصل کتب کا مطالعہ لازمی کریں، مثلا احکام تجارت اور لین دین کے مسائل از مولانا عبدالرحمن کیلانی رحمہ اللہ، 100 حرام کاروبار اور تجارتی معاملات از ابراہیم بن عبدالمقتدر، جانب حلال از شیخ خلیل الرحمن جاوید حفظہ اللہ، اسلامی تجارت از استاذ محترم شیخ الحدیث ابو نعمان بشیر احمد حفظہ اللہ اور خریدو فروخت کے متعلق پچاس اصول وضوابط از راقم الحروف وغیرہ
نیز یہ رسالہ اپنےکسی قریبی بڑے عالم دین سے سمجھ کر پڑھیں تاکہ تجارت کے مسائل اچھی طرح سمجھ سکیں۔ میں خود بھی اس مبارک رسالہ کی شرح دروس کی صورت میں ریکارڈ کروا کر اپنے یوؔٹیوب چینل علوم الحدیث ابن بشیر پر اپلوڈ کرتا ہوں تاکہ آپ حسب ضرورت استفادہ کرسکیں۔
راقم نے رسالہ میں بعض اہم وضاحتیں بھی کر دی ہیں تاکہ احادیث کا معنی مفہوم سمجھنے میں آسانی ہو سکے۔ اللہ تعالی توفیق دے تو ان احادیث کی شرح بھی پڑھیں، اس کے لیے شیخ الحدیث داود راز رحمہ اللہ کی شرح بخاری، شیخ الحدیث حافظ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ کی ہدایۃ القاری شرح صحیح البخاری، شیخ الحدیث حافظ عبدالسلام بن محمد بھٹوی رحمہ اللہ کی فتح السلام شرح صحیح البخاری الامام نیز راقم الحروف کی فتح الرحیم الباری شرح صحیح البخاری کا مطالعہ لازمی کریں، تاکہ احادیث کا معنی و مفہوم اچھی طرح سمجھ سکیں۔
اللہ تعالی اس رسالہ کو قبول عامہ عطافرمائے، اور دعا گو ہوں کہ الہی میری نسلوں اور شاگردوں سے قیامت تک دین حنیف کی خدمت کا مبارک کام لیتے رہنا، اور میری کتب کا فیض قیامت تک جاری رکھنا۔ آمین
اللہ تعالی اس رسالہ کو مرتبہ بیٹی رمیثہ کے لیے، اس کے والدین کریمین، اساتذہ، مخلصین اور دار ابن بشیر کی انتظامیہ کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین
ابو رمیثہ ابراہیم بن بشیر الحسینوی
۱۹ جمادی الاولی ۱۴۴۶ھ