سوال 6644
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
شوہر تنہائی میں بیوی کو طلاق دے جہاں کوئی اور موجود نہیں کہتا ہے میں طلاق دیتا ہوں، تو کیا اس سے طلاق واقع ہوجائے گی؟
جواب
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
اگر شوہر نے حقیقتاً طلاق دے دی ہے اور خود بھی اس کا اعتراف کر رہا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو طلاق دی تھی، تو ایسی صورت میں طلاق واقع ہو چکی ہے۔ محض نیت کرنا، سوچنا، یا دل میں ارادہ رکھنا ـ یا معلق کرنا کہ اگر ایسا ہوا تو طلاق دوں گا ـ یہ سب وسوسے کے درجے میں آتا ہے، اس سے طلاق واقع نہیں ہوتی۔
لیکن اگر شوہر نے واضح الفاظ میں یہ کہا: میں اپنی بیوی کو طلاق دیتا ہوں، یا اس نے یہ الفاظ اپنے ہاتھ سے لکھ دیے، یا لکھوا دیے، اگرچہ وہ تحریر ابھی تک بھیجی نہ گئی ہو اور کسی مجبوری یا مصروفیت کی وجہ سے اس کے پاس ہی موجود ہو، تب بھی طلاق واقع ہو جاتی ہے۔ کیونکہ طلاق کا وقوع الفاظ ادا کرنے، تحریر کرنے اور پختہ فیصلے کے ساتھ ہی ہو جاتا ہے، اس کے لیے یہ شرط نہیں کہ دوسرے کو فوراً خبر ہو یا اسے خط ارسال کیا جائے۔
لہذا چاہے طلاق کا علم بعد میں ہو یا پہلے، جب شوہر نے زبان سے ادا کیا، تحریر میں لکھا، اور اب خود بھی اس بات کا اقرار کر رہا ہے کہ اس نے طلاق دے دی تھی، تو شرعاً طلاق واقع ہو چکی ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔
فضیلۃ العالم حافظ علی عبد اللہ حفظہ اللہ




