سوال (1907)
میں ایک کمپنی میں بطور سافٹ ویر انجینئر کام کرتا ہوں وہ کمپنی ٹریڈنگ اپلیکیشن بناتی ہے کسی بروکر کے لیے اس میں کچھ فیچرز تو اسلام کے مطابق ہیں اور کچھ نہیں جیسے شارٹ سیلنگ وغیرہ اور اپشن ٹریڈنگ بھی ابھی جس بروکر کے لیے انہوں نے بنائی ہے اس کے پاس اپشن کا لائسنس نہیں ہے یہ اپلیکیشن مجھ سے پہلے کسی ٹیم نے بنائی تھی میری ذمہ داری اس سے منسلک کچھ چیزیں جو رہ گئی ہیں وہ ہیں اور جب اس اپلیکیشن کو دوبارہ نیا بنایا جائے گا وہ ہے۔
اب میرا کمپنی کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ ہے کہ میں ایک سال کمپنی نہیں چھوڑ سکتا کیا میری جاب صحیح ہو گی۔
جو فیچرز صحیح نہیں ہیں ان کا کوئی درست استعمال نہیں لیکن مجموعی طور پر کچھ چیزیں اسلامکلی درست ہیں اور کچھ نہیں۔ صرف امریکی لوگ اس اپلیکیشن کو استعمال کر سکیں گے کیونکہ اس کو استعمال کرنے کے لیے کسی ادارے سے تصدیق ہوتی ہے جو گورنمنٹ کا ہے۔
مستقبل میں وہ اس میں بہت ساری چیزیں بھی ڈالنا چاہتے چاہتے ہیں ایسے سمجھ لیں جو جو چیز بروکر کو چاہیے ہو گی وہ ڈالیں گے لیکن یہ ابھی بہت بعد کی بات ہے۔
یعنی ان کو جو جو بروکر کہے گا وہ اس کا سافٹ ویئر بنا دیں گے اس کو اور اس سے سافٹ ویئر بنانے اور اس کو مینٹین کرنے کے پیسے لیں گے اب ایک بروکر ہر قسم کی ٹریڈنگ کی اجازت دیتا ہے کیونکہ وہ غیر مسلم لوگ ہیں کچھ فیچرز کا تو جائز اور نا جائز دونوں استعمال ہے یعنی کیش اکاؤنٹ ہو اور سٹاکس خرید کر بعد میں بیچ دیے جائیں۔
لیکن کچھ فیچرز جائز نہیں ان کا کوئی جائز استعمال نہیں جیسے شارٹ سیلنگ اس میں کسی سے ادھار لے کر سٹاکس بیچے جاتے ہیں یہ گمان کرتے ہوئے کے بعد میں سٹاکس سستے ہونگے اور کم کیمت پر خرید کر واپس کر دیے جائیں گے اور جس سے یہ سٹاکس ادھار لیے جاتے ہیں وہ یا تو کوئی فیس چارج کرتا ہے سٹاکس کے ساتھ یا سود لیتا ہے لیکن یہ سب کچھ ابھی اپلیکیشن میں نہیں ہے اور مستقبل قریب میں شامل ہوتا نظر نہیں آتا۔
اسی طرح آپشن ٹریڈ بھی ہے اس میں call اور put ہوتی ہیں اور کافی کمپلیکس ہے کچھ میں غرر ہے اور آپشن میں کچھ جائز ٹریڈنگ بھی ہوتی ہے جیسے cash reserve put , covered calls
اس میں آپ کے پاس یا تو سٹاک موجود ہوتا ہے اور آپ مسقبل میں ٹریڈ کرنے کا معاہدہ کرتے ہو اور اس پر آپ کو کمیشن ملتا ہے اور یا آپ کے پاس جتنے سٹاکس کا معاہدہ ہے اتنے پیسے موجود ہوتے ہیں صرف معاہدہ ہوتا ہے اور اس پر پیسے ملتے ہیں پھر اختیار ہوتا ہے ٹریڈ مکمل کی جائے یا جو کمیشن دیا ہے وہ چھوڑ دیا جائے اور ٹریڈ ختم کی جائے اس میں جو پیسے بطور کمیشن دیے یا لیے گے ہوتے ہیں اس کا نقصان یا فائدہ ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ کل 16 strategies ہیں جو سب کافی کمپلیکس ہیں اور یا تو غرر ہے ان یا جائز نہیں۔
اسی طرح مستقبل میں وہ کسی بندے سے پیسے لینے اور اسے دینے کو بھی اپلیکیشن می شامل کریں گے جس میں سود پر لین دین بھی ہو شاید۔
مجھے 6 ماہ ہو گے ہیں اور اپلیکشن ابھی تک لاؤنچ نہیں ہوئی۔
جواب
آپ کا شکریہ کہ آپ نے سوال میں مکمل تفصیلات فراہم کیں، جن سے ہمیں مسئلہ سمجھنے میں مدد لی.
جہاں تک جواب کا تعلق ہے تو اس حوالے سے اصول یاد رکھیں کہ ایسی چیز بنانا یا ایسے فیچر شامل کرنا جس کا درست یا غلط دونوں استعمال ہوں، تو اس کے درست استعمال کی نیت سے اسے بنانا جائز ہے، باقی اگر کوئی اسے غلط استعمال کرے گا تو وہ اس کا خود ذمہ دار ہو گا۔
لیکن ایسی چیزیں بنانا جن کا استعمال ہوتا ہی غلط ہو یا وہ ناجائز سروسز اور کاروبار کا ذریعہ بنتا ہو، تو ایسی چیزیں بنانا درست نہیں۔ اور نہ ہی کسی ایسی کمپنی میں کام کرنا جائز ہے۔
اور جس کمپنی میں جائز اور ناجائز دونوں قسم کے کام کرنا پڑتے ہوں، وہاں بھی نوکری کرنا جائز نہیں، کیونکہ یہ برائی میں تعاون کی ایک صورت ہے جو کہ درست نہیں۔ ارشاد باری تعالی ہے:
ولا تعاونوا علی الاثم والعدوان (المائدۃ)
گناہ اور سرکشی کے کاموں میں تعاون نہ کرو۔
ٹریڈنگ، بینکنگ، انشورنس، لون یعنی قرضہ وغیرہ کے لین دین سب معاملات سے متعلق سروسز میں ایک طرح کی قباحتیں ہوتی ہیں، لہذا کوشش کریں کہ ان میں سے کسی میں بھی کام نہ کریں۔ ایسی فیلڈز اور سافٹ ویئر ہاؤسز کو اختیار کریں جو کمائی اور گروتھ کے ساتھ ساتھ شرعی اصول و ضوابط اور حلال و حرام کا بھی خیال رکھتے ہیں۔ اللہ تعالی آپ کے لیے بہترین روز گار کا بندوبست بنائے۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ