سوال (317)

اوبر، کریم وغیرہ سروسز پر عموما ڈرائیور رائیڈ کینسل کرنے کا کہتے ہیں، تاکہ کمیشن سے بچ سکیں، کیا یہ جائز ہے؟

جواب

آج کل سفری سہولیات کے لیے UBER، CAREEM، IN DRIVE جیسی سروسز عام دستیاب ہیں۔ جن کا بنیادی فائدہ یہ ہوتا ہے کہ یہ پلیٹ فارمز سواری اور گاڑی کو ایک دوسرے کے ساتھ ملانے کا کام سر انجام دیتے ہیں!
بطور مثال اگر آپ نے ڈیفنس سے بحریہ جانا ہے، تو آپ کو نہیں پتہ کہ قریب ترین کون ٹیکسی والا موجود ہے جو مناسب کرائے میں آپ کو منزل مقصود پر پہنچا دے گا، اور نہ ہی آپ کے ساتھ والی گلی میں کھڑے ٹیکسی والے کو پتہ ہے کہ فلاں گھر سے کوئی بندہ ٹیکسی کی تلاش میں ہے۔
رائیڈز ایپس نے اس معاشرتی ضرورت کو بھانپ کر اس کا حل پیش کیا ہے۔ چنانچہ وہ سواری اور ڈرائیور کا ملاپ کرواتے ہیں اور جب رائیڈ مکمل ہوتی ہے تو پر رائیڈ اپنا کمیشن وصول کرتے ہیں۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ کئی ایک ڈرائیوز جب سواری کو پِک کرنے (لینے) آتے ہیں، تو کہتے ہیں کہ ہم آپ کو فلاں جگہ پر چھوڑ دیں گے، لیکن آپ رائیڈ کو کینسل کر دیں، تاکہ انہیں اس رائیڈ سے کمیشن نہ دینا پڑے!
ڈرائیورز اس میں مختلف قسم کے عذر بیان کرتے ہیں کہ ہمیں رائیڈ کا کرایہ تھوڑا ملتا ہے، یا کمپنی زیادہ کمیشن لیتی ہے.. اس قسم کی کئی ایک وجوہات یا عذر ہو سکتے ہیں، جو ہو سکتا ہے کہ معقول بھی ہوں، لیکن اس کے باوجود رائیڈ کینسل کرنا درست نہیں!
جس کی بنیادی دو وجہیں ہیں:
(1) : یہ ڈرائیور اور مسافر دونوں کی طرف سے اس کمپنی کے ساتھ خیانت ہے، جن کا اکاؤنٹ اور پلیٹ فارم استعمال کرکے وہ اپنے لیے ایک سروس تلاش کرتے ہیں، لیکن جو ان کے ساتھ کمیشن کا معاہدہ کیا ہے، اس سے بچنے کے لیے رائیڈ کینسل کرتے ہیں!
(2) : ایپ کے اندر رائیڈ کینسل کرنے کا آپشن بطور سہولت کے دیا گیا ہے، یعنی اگر ڈرائیور کسی وجہ سے آ نہیں سکا، یا ایڈریس غلط تھا، یا آپ کسی ایمرجنسی کے سبب نہیں جانا چاہتے، تو آپ رائیڈ کینسل کر سکتے ہیں۔ جبکہ آپ اس سہولت کو غلط مقصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اسی ڈرائیور نے اسی گاڑی میں اسی مسافر کو کرائے کے عوض مطلوبہ مقام پر لے کر جانا ہے، لیکن کمپنی کے کمیشن سے جان بچانے کے لیے وہ چاہتا ہے کہ آپ یہ کہہ کر رائیڈ کینسل کر دیں کہ میں جانا نہیں چاہتا یا ایڈریس غلط ہے وغیرہ۔ تو یہ ایک طرح سے جھوٹ بھی ہے۔
ہاں البتہ بعض ایپس میں یہ آپشن ہوتا ہے کہ آپ یہ کہہ کر رائیڈ کینسل کردیں کہ ڈرائیور مجھے کہہ رہا ہے کہ آپ رائیڈ کینسل کریں۔ اگر ڈرائیور زیادہ اصرار کرے، تو اس آپشن کو استعمال کریں!
یقینا ڈرائیور اس کو پسند نہیں کرے گا، کیونکہ کمپنی کو اندازہ ہو جائے گا کہ یہ ڈرائیور سواریوں سے جان بوجھ کر رائیڈز کینسل کرواتا ہے۔!!
لہذا اگر آپ کو ڈرائیور رائیڈ کینسل کرنے کے لیے کہے تو اسے یہ شرعی اور اخلاقی مسئلہ ضرور سمجھا دیں!!
اور یہی حکم اس سے ملتے جلتے پلیٹ فارمز کا بھی ہے، جن کے ذریعے لوگ کام ڈھونڈتے ہیں اور پھر کمیشن سے بچنے کے لیے اس قسم کے حیلے استعمال کرتے ہیں!
ہاں البتہ یہ ضرور ہے کہ اگر آپ کو کوئی رائیڈر مل گیا ہے، تو آپ آئندہ کے لیے اس کے ساتھ ذاتی تعلقات بنا کر، ایپ یا متعلقہ پلیٹ فارم سے ہٹ کر کوئی سروس لیں، تو اس میں کوئی حرج نہیں. ان شاء اللہ۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ