سوال (4145)
ایک بندے نے طواف کے سات چکر لگائے ہیں، اس میں آٹھ استلام کے بجائے سات کیے ہیں، آخری استلام بھول گیا ہے، اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب
مقام ابراہیم پر دو رکعت نماز کے بعد حجر اسود کا استلام کرنا سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کی حدیث کے مطابق طواف قدوم میں مستحب ہے، محض عمرہ میں آٹھویں بار استلام نہیں ہے، عمرہ میں بندہ مقام ابراہیم پر نماز کے بعد فقط سعی کی طرف جائے گا۔ واللہ اعلم
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ
عمرے کا طواف حجر اسود سے شروع ہوگا اور حجر اسود پر ہی ختم ہوگا، بسم اللہ کہنا، بوسہ دینا اور اللہ اکبر کہنا یہ ساری باتیں معروف ہیں، ورنہ آخری صورت یہ ہے کہ ہاتھ سے اشارہ کیا جائے، یہ طواف کے شروع میں ہوتا ہے، طواف کے اختتام پر نہیں ہوتا، جب ساتواں چکر مکمل ہو جائے تو کوئی استلام نہیں، اسی پر اہل علم کے فتواجات ہیں، لہذا سات چکر مکمل ہوگئے ہیں، اس کے بعد دو رکعات نماز پڑھ لے، استلام نہیں ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ