سوال (1283)

عشر کن کن فصلوں میں ادا کیا جائے گا؟ کیا عشر صرف چار اجناس گندم، جو، کھجور اور منقی سے نکالا جائے گا ؟ اگر تمام فصلوں پر عشر ہے تو کماد ، چر اور دیگر فصلیں جو چارے کے طور پر استعمال ہوتی ہیں ان کا عشر کس طرح نکالا جائے گا؟ قیمت کے حساب سے یا وزن کے حساب سے؟ کیونکہ عمومی طور پر ان فصلوں کا وزن نہیں ہوتا ہے۔

جواب

جن چار اجناس کا آپ نے ذکر کیا ہے ، انھی میں عشر ہے۔ دیگر اجناس اگر برائے تجارت ہوں تو ان کی قیمت پر سال کے بعد زکاۃ ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ قمر حسن حفظہ اللہ

سائل: جزاک اللہ خیرا شیخ محترم میں اس آیت میں مذکور دیگر اجناس کے متعلق سمجھنا چاہتا ہوں.

وَهُوَ الَّذِیْۤ اَنْشَاَ جَنّٰتٍ مَّعْرُوْشٰتٍ وَّ غَیْرَ مَعْرُوْشٰتٍ وَّ النَّخْلَ وَ الزَّرْعَ مُخْتَلِفًا اُكُلُهٗ وَ الزَّیْتُوْنَ وَ الرُّمَّانَ مُتَشَابِهًا وَّ غَیْرَ مُتَشَابِهٍؕ-كُلُوْا مِنْ ثَمَرِهٖۤ اِذَاۤ اَثْمَرَ وَ اٰتُوْا حَقَّهٗ یَوْمَ حَصَادِهٖ ﳲ وَ لَا تُسْرِفُوْاؕ-اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْرِفِیْنَ.

جواب: عشر ان چیزوں میں ہے جو ماپی اور ذخیرہ کی جائیں ، جو ماپی اور ذخیرہ نہ کی جائیں ، ان میں عشر نہیں ہے الا یہ کہ وہ برائے تجارت ہوں، تب ان کی آمدنی پر سال کے بعد زکاۃ عائد ہے ، یہ بھی شرط ہے کہ وہ چیزیں خوراک کے طور پر مستعمل ہوں۔

فضیلۃ العالم حافظ قمر حسن حفظہ اللہ

سوال: السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
شیخ محترم عشر کس کس فصل کا ہے؟ کیا صرف گندم اور چاول کی فصل کا ہوتا ہے؟ اب مٹر کی فصل ہوئی ہے۔ اس میں عشر کس حساب سے کتنا ہوگا؟
جواب: وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
عُشر، نصفُ العُشر اور فصل کی زکوٰۃ کے حوالے سے اہلِ علم کے ہاں مختلف آراء پائی جاتی ہیں، اور اس مسئلے میں فقہی تنوع موجود ہے۔
پہلا موقف یہ ہے کہ عشر صرف چند مخصوص فصلوں پر لازم ہوتا ہے، جن کے نام احادیث میں آئے ہیں۔ ان فصلوں پر بھی اُس وقت عشر واجب ہوگا جب وہ نصابِ پیداوار کو پہنچ جائیں، یعنی تقریباً اٹھارہ یا بیس من تک ہو جائیں۔
دوسرا موقف یہ ہے کہ زمین کی کل پیداوار پر عشر یا نصف العشر لازم آتا ہے، جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا: ﴿مِمَّا أَخْرَجْنَا لَكُم مِّنَ الْأَرْضِ﴾
اس رائے کے مطابق جو کچھ بھی زمین سے نکلتا ہے، خواہ کم ہو یا زیادہ، اُس پر عشر یا نصف العشر دیا جائے گا۔
تیسرا موقف یہ ہے کہ وہ فصلیں اور سبزیاں جو کافی عرصہ تک محفوظ (اسٹاک) کی جا سکتی ہیں اور جنہیں سنبھال کر رکھا جا سکتا ہے، اُن پر عشر یا نصف العشر واجب ہے۔ البتہ وہ پیداوار جو ایک آدھ دن میں خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے، اس پر عشر لازم نہیں۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ