سوال
علمائے کرام اس مسئلہ کی وضاحت فرما دیجیے کسی صاحب سے مدرسہ والوں نے یہ کہ کر کتابوں کا مطالبہ کیا کہ ہم اس مدرسہ میں کلاس لگائیں گے ،اس صاحب نے اس مدرسہ میں کتابیں خرید کر رکھوا دیں ،کچھ عرصہ اس مدرسہ میں کلاس ہوئی بعد ازاں بند ہو گئی۔ اب وہ کتابیں دینے والا یہ کتابیں کسی اور ادارے یا صاحب علم کو وہاں سے واپس لے کر دینا چاہتا ہے، اس کا یہ عمل جائز ہے یا نہیں؟اس بارے وضاحت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
اس مسئلے کو دو طرح سے دیکھا جاسکتا ہے، ایک صورت تو یہ ہے کہ یہ ایک شخص کا دوسرے فرد یا ادارے کے لیے ہدیہ تھا، اور ہدیہ کرنے سے ملکیت منتقل ہوجاتی ہے، لہذا جن کو کتابیں دی گئی ہیں، وہ ان میں جیسے مرضی تصرف کرسکتے ہیں، اور اس ہدیے کو واپس بھی نہیں لیا جاسکتا کیونکہ ہدیہ واپس لینا جائز نہیں۔
دوسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ کتابیں دینے والے نے انہیں کسی مقصد کے لیے وقف کیا ہو، ایسی صورت میں جن کو کتابیں دی گئی ہیں وہ اس کے مالک نہیں، بلکہ ان کے نگران ہوں گے، لہذا وہ اپنی مرضی سے تصرف نہیں کرسکتے، بلکہ انہیں اس شرط اور مقصد کا خیال رکھنا ضروری ہے، جس کے لیے وہ کتابیں وقف کی گئی ہیں۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«والمقصود إجراء الوقف على الشروط التي يقصدها الواقف؛ ولهذا قال الفقهاء: إن نصوصه كنصوص الشارع». [مجموع الفتاوی: 31/ 98]
’وقف کرنے والے کی شرائط کا خیال رکھنا مقصود و مطلوب ہے، حتی کہ فقہاء نے تو یہاں تک کہا ہے کہ واقف کی شرط کو ماننا ویسے ہی ضروری ہے، جیسا کہ قرآن وسنت کی کسی دلیل کو‘۔
لہذا اگر کسی جگہ وقف کا مقصد پورا نہیں ہورہا، تو مصلحت کی خاطر اس کی جگہ تبدیل کی جاسکتی ہے۔ [مجموع الفتاوی: 5/ 429]
دوسری صورت میں گویا کتابیں دینے والے کا مقصد ان سے پڑھنا پڑھانا اور استفادہ کرنا تھا، جب تک یہ سلسلہ وہاں پر جاری رہا درست تھا، اب جب وہاں کلاس بند ہوچکی ہے، تو کتابیں کسی ایسے ادارے کو دی جا سکتی ہیں، جہاں پڑھنے پڑھانے والے موجود ہیں، تاکہ وہ ان کتابوں سے فائدہ اٹھائیں۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ