سوال (5895)

وفات کے بعد بزرگوں کا فیض بڑھ جاتا ہے؟ اس عقیدے کے متعلق رہنمائی فرمائیں۔

جواب

فیض اور اس کے بڑھنے سے کیا مراد ہے؟ اگر تو مراد یہ ہے کہ اہل علم کی دعوتی، تعلیمی، تدریسی، تصنیفی خدمات ان کی وفات کے بعد بھی جاری رہتی ہیں، بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے پھیلاؤ اور انتشار میں اضافہ ہوتا ہے، تو یہ بالکل درست ہے۔ امام بخاری سے ان کی زندگی میں جتنے لوگ مستفید ہوئے، ان کی وفات کے بعد سے اب تک اس سے کئی گنا زیادہ لوگ مستفید ہوئے اور ہو رہے ہیں۔ سید نذیر حسین محدث دہلوی رحمہ اللہ اپنی حیات میں اتنے مشہور اور ان کا فیض اتنا عام نہیں تھا، جتنا ان کی وفات کے بعد اب تک دن بہ دن اس میں اضافہ ہو رہا ہے. اس طرح اور بھی کئی مثالیں پیش کی جا سکتی ہیں.
لیکن اگر فیض یا اس کے بڑھنے سے مراد کوئی اور خرافاتی سوچ ہے، جیسا کہ بعض کے نزدیک وفات کے بعد بزرگ اور اولیاء اللہ کی کرامات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جو بزرگ زندگی میں دوسروں کا محتاج ہوتا ہے، وہ وفات کے بعد حاجت روا اور مشکل کشا ہو جاتا ہے تو یہ بالکل باطل اور مردود عقیدہ ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ