سوال (3933)
اگر پانچ، سات، نو رکعات پڑھنی ہوں تو طاق رکعت میں رفع الیدین کیا جائے گا؟ راہنمائی فرما دیں۔
جواب
اس حوالے سے کوئی صریح نص تو معلوم نہیں ہے، البتہ روایات میں چونکہ تشہد کے بعد والی رکعت کے لیے ہی رفع الیدین کا ذکر ہے، لہذا اس سے یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ درمیانی رکعات کے شروع میں ہر وہ رکعت جس سے پہلے تشہد ہو، رفع الیدین ہو گا، ورنہ نہیں۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (بعض دفعہ) نو رکعات وتر پڑھتے، جس میں آٹھویں رکعت میں پہلا تشہد کرتے، اور پھر نویں رکعت میں دوسرا تشہد پڑھ کر سلام پھیرتے۔ [صحيح مسلم:746]
نو رکعت وتر میں دو تشہد ہوتے ہیں، جیسا کہ حدیث میں گزرا، جبكہ سات اور پانچ وتر پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ صرف ایک تشہد آخری رکعت میں ہی کیا جائے۔ [سنن ابي داود:1356]
تو تین، سات اور پانچ میں تو چونکہ درمیانہ تشہد ہے ہی نہیں، لہذا ان میں رفع الیدین نہیں ہو گا، البتہ اگر نو رکعات پڑھی جائیں تو پھر آٹھویں رکعت میں تشہد سے اٹھتے ہوئے رفع الیدین کیا جائے گا. واللہ اعلم۔
فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ