“یوٹیوب کو کیسے مفید بنایا جا سکتا ہے؟”
سوشل میڈیا نے جہاں دنیا میں ہر برائی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، وہاں مبلغین، معلمین اور علماء کی تعلیم کو عام کرنے پر بھی سوشل میڈیا کا اہم کردار ہے، بس یہ ہر شخص کی سوچ و فکر طے کرتی ہے کہ وہ ان جدید ٹولز سے کیا فائدہ اٹھاتا ہے، کیا ان کو استعمال کر کے نامہ اعمال کو نیکیوں سے پر کرتا ہے یا ان کے استعمال کو اپنے لیے وبال بناتا ہے، آج ہم صرف یوٹیوب کی افادیت کو دیکھتے ہیں کہ ایک شخص کے لیے یہ کتنا اہم پلیٹ فارم ہے، ہاں یہ بات ہر شخص کو تسلیم ہے کہ یوٹیوب میں ہر طرح کا مواد موجود ہے، لیکن ایک دینی طالب علم یوٹیوب کو صحیح استعمال کر کے علم کا ایک وافر حصہ اخذ کر سکتا ہے، کیونکہ ہر شخص کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ تمام کبار مشائخ سے براہ راست علم حاصل کر سکے، کچھ تو کبار علماء قریب ہوتے ہیں، ان سے علم حاصل کرنا اور ملنا ممکن ہوتا ہے، کچھ علماء ایسے ہوتے ہیں، جن سے لاکھوں کوششوں کے باوجود بھی ملنا اور براہ راست علم حاصل کرنا ممکن نہیں ہوتا ہے، الحمد للہ آج کے زمانے میں ان علماء کے لیکچرز اور دوروس کثیر تعداد میں یوٹیوب پر موجود ہیں، ہم ان کو سن کر وہیں سے کئی علمی نکات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے برعکس یہ بات بھی کہہ دوں کہ آج کل ایسے پلیٹ فارمز میں فتنہ پرور لوگ بھی بہت ہوتے ہیں، وہ علم کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں، فسق و فجور کو عام کرتے ہیں، معاشرے میں الحاد کو پھیلانے میں ان کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔ ہر ممکن کوشش کریں کہ ان سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں، جی ہاں، یہ بات ہے کہ اُن کی باتوں میں ایسی مٹھاس اور اثر ہوتا ہے جو دل کو چھو لیتا ہے اور سامع کو اپنا گرویدہ بنا لیتا ہے، وہ باطل کو بیان کرنے میں بھی بڑا انداز رکھتے ہیں، جیسا کہ طارق جمیل، باقی کچھ ایسے ہیں، جو صحیح احادیث کا غلط مفہوم بتاتے ہیں، احادیث کی تاویلات کرتے ہیں، بغیر کسی خوف خدا وہ دین کو بگاڑنے میں سے سب سے آگے ہیں جیسا کہ مرزا محمد علی۔
میں یہاں چند کبار علماء کا ذکر کرتا ہوں، جو آپ کے دین کے محافظ ہیں، آپ ان سے عقائد، احکام اور مسائل بلا جھجک سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے الحمد للہ دین کے ہر پہلو پر گفتگو کی ہے، انہوں نے قرآن کی تفسیر اور احادیث کی توضیح و تشریح میں بھی کما حقہ حق ادا کیا ہے۔
(1) فضیلۃ الشیخ عبد اللہ ناصر رحمانی حفظہ اللہ
آپ حافظ حدیث ہیں، آپ حدیث کی فقہ میں بڑا کمال رکھتے ہیں، آپ عصر حاضر کے بڑے محدث ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ کو عقائد کے علم میں ید طولی عطا کیا ہے، آپ کی خطابت بھی بے مثال ہے، شیخ صاحب کے کئی لیکچرز اور دوروس یوٹیوب کے مختلف چئینلز پر موجود ہیں، شیخ صاحب نے کئی کتب پڑھائی ہیں، جن کی ویڈیوز آپ کو بآسانی یوٹیوب پر مل سکتی ہیں۔ جیسا کہ کتاب التوحید، کتاب الرقاق اور قرآن مجید کی تفسیر جاری و ساری ہے۔
(2) فضیلۃ الشیخ ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ
آپ کا شمار کبار علماء میں ہوتا ہے، آپ عصر حاضر کے بڑے محدث ہیں، شیخ کو اللہ تعالیٰ نے اصول حدیث اور جرح و تعدیل میں بڑی صلاحیتوں سے نوازا ہے، کئی کتب کی تحقیق کر چکے ہیں، آپ بڑے مصنف بھی ہیں، لکھنے کا انداز سھل اور بڑا بااثر ہے، ایک مضمون پڑھنے کے بعد دل سے آواز آتی ہے کہ شیخ نے جو لکھا ہے، اس کو کامل و مکمل پڑھا جائے، آپ نے قرآن کی سورتوں کی تفسیر، ردود اور اصلاح کے موضوع پر کئی کتب لکھی ہیں، آپ کے کئی لیکچرز اور دوروس یوٹیوب پر موجود ہیں، جو ہر طالب علم کے لیے مفید ہو سکتے ہیں۔ آپ نے جو کتب پڑھائی ہیں، وہ بھی آپ یوٹیوب سے سن سکتے ہیں، جیسا کہ شرح نخبۃ الفکر اور دیگر کتب۔
(3) فضیلۃ الشیخ حافظ مسعود عالم حفظہ اللہ
آپ ورع و تقویٰ کے امام ہیں، عصر حاضر میں ایسی مثال ملنا مشکل ہے، علمی دنیا میں آپ کا بڑا مقام ہے، آپ قرآن کی تفسیر بہت ہی اعلی بیان کرتے ہیں، آپ کے کئی لیکچرز اور دوروس یوٹیوب پر موجود ہیں جو کہ زھد، ورع وتقویٰ اور اصلاح قلب کے لیے مفید ہو سکتے ہیں۔ جب آپ درس دیتے ہیں تو آپ کی باتیں ایک انسان کو جھنجھوڑتی ہیں اور عمل کا سوال کرتی ہیں۔
(4) فضیلۃ الشیخ جلال الدین قاسمی حفظہ اللہ
آپ کا علمی مقام علماء و طلباء کے مابین واضح ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کو تمام فنون میں بڑی مہارت دی ہے، جہاں آپ بڑے مفسر ہیں، وہاں آپ بڑے مصنف ہیں، ہر فن کے بنیادی اصول و قواعد پر کتب تصنیف کی ہیں، آپ جب کسی موضوع پر خطاب کرتے ہیں تو اس موضوع کا حق ادا کرتے ہیں، شیخ کے لیکچرز ایک طالب علم کے لیے نہایت ہی مفید ثابت ہو سکتے ہیں، شیخ نے قرآن مجید کی تفسیر بھی بیان کی ہے، جو کہ یوٹیوب پر موجود ہے۔ اس کے علاؤہ آپ کے کئی علمی لیکچرز اور دوروس سن کر آپ اپنی زندگیوں میں انقلاب لا سکتے ہیں۔
(5) فضیلۃ الشیخ ابو زید ضمیر حفظہ اللہ
سوشل میڈیا کی دنیا میں شیخ ابو زید ضمیر حفظہ اللہ کا کام لاحق تحسین ہے، آپ نے ہر موضوع کو با دلائل احسن طریقے سے بیان کیا ہے، شیخ جیسے لوگ نایاب ہیں، اسکرین کی دنیا میں اردو زبان کے اندر شیخ سے بہتر اور مرتب علمی و دعوتی کام کسی اور کا نہیں ہے، بہت سارے فکری و منہجی مسائل پر لب کشائی کرنے اور انہیں سہل انداز میں بیان کرنے میں آپ کو سبقت حاصل ہے۔
(6) اسلام فورٹ
المدینہ اسلامک ریسرچ سنٹر کراچی جو کہ ایک منہجی ادارہ ہے، اس ادارے نے دین کے ہر پہلو پر بہترین کام کیا ہے، اس ادارے کی چینل “اسلام فورٹ” کے نام پر یوٹیوب پر موجود ہے، قلیل وقت میں اس ادارے نے بڑا ہی کام کیا ہے، یقیناً اس چینل کی پوری ٹیم خصوصاً فضیلۃ الشیخ عثمان صفدر حفظہ اللہ، فضیلۃ الشیخ عبد اللہ شمیم حفظہ اللہ، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر فراز الحق حفظہ اللہ اور فضیلۃ الشیخ حماد امین چاولہ حفظہ اللہ مبارکباد کے مستحق ہیں، ہر موضوع پر بہترین پوڈ کاسٹ کرتے ہیں، ہر موضوع کا حق ادا کرتے ہیں۔ خواہ وہ قرآن کی تفسیر، حدیث کی فقہ، اصلاحی بیان یا ردود ہوں، اس پر فتن دور میں جہاں لوگ شہرت کے بھوکے ہیں، وہاں یہ اخلاص و محبت سے دین کا کام کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ پوری ٹیم کی محنتیں قبول فرمائے۔
تحریر: افضل ظہیر جمالی