کسی بھی چیز کو رومانوی انداز سے دیکھنا اور اسکی نرماہٹ کو محسوس کرنا، فطری جھول اور کونیاتی لچک کو روحانی بصارت سے گزارنا،
کوئی بھی کام ہو یا آپکا اپنا پیشہ ہی کیوں نہ ہو اسکو ایسے سر انجام دینا گویا کہ آپ اسکو اپنی روح سے پیش کر رہے ہیں اور اسکو اپنے جذبات سے اس طرح پر لُطف اور خوبصورت بنارہے ہوں کہ آپ اسکی حقیقی معنوں میں تعظیم اور قدر کر رہے ہیں اپنی گفتگو میں ایسا خوشبودار ذائقہ پیوست کر رہے ہیں کہ جسکی خوشبو مخاطب سے پہلے آپکو محسوس ہونا شروع ہو جائے یہ ایک ایسی کلا ہے جسکی فطرت میں ہی جاذبیت رکھ دی گئی ہے.
اس طرح کام کرنے اور کسی بھی چیز کو دیکھنے کا جو ذائقہ ہے وہ کسی “آرٹ” سے کم نہیں.!
میرے نزدیک ایک اچھا آرٹسٹ ہی فطرت کی جھلک کو اور تازگی کو صحیح معنوں میں محسوس کر رہا ہوتا ہے اسکی وجہ یہ نہیں کہ یہ اسکا پیشہ ہے بلکہ اسکے دیکھنے کا انداز اور اسکو اپنے خیالات سے آمیزش کرکے اس طرح ڈھالنا کہ یہ واقعی قابل تحسین چیز ہے! یہ معنی رکھتا ہے.
میرے نزدیک ہر کام کرنے کا طریقہ ایک “آرٹسٹ” کی طرح ہونا چاہیے کہ آپ اسکے ذائقے کو اپنی روح میں محسوس کر رہے ہوں اس کام کیساتھ تعلق کی وجہ سے آپکے منہ کا ذائقہ بھی متغیر ہورہا ہو. یہ ہوتی ہے کسی بھی کام کی تعظیم اور قدردانی.!
میں فطرت کی نرماہٹ کو اور لطف کو محسوس کرنا بہت پسند کرتا ہوں سڑک پر چلتے ہوئے لوگوں کے چہروں کو دیکھنا اور انکے فطری تغیرات کا ڈھلنا انکی باتوں سے انکے چہرے کے تاثرات کا ہم آہنگ ہونا اور کبھی غیر موافق ہونا بہت پسند کرتا ہوں بالخصوص جب ایک ایسا سچا انسان میرے سامنے بیٹھا ہو جو اپنے خیالات اور متعلقات میں سچا ہو، تو اس سے گفتگو کرنے سے مزہ دوبالا ہو جاتا ہے میں یہ سب چیزیں سنجیدگی اور باریک بینی سے سر انجام دیتا ہو اور ایسا کرنے کو ہی اپنا لا شعوری پُر جذبہ ذوق سمجھتا ہوں اتنا کہ جتنا قرون وسطی کا کوئی اطالوی آرٹسٹ اپنے آرٹ کو سمجھتا تھا..!
لوگوں سے بات کرنا اور انکے اظھار خیال سے لطف اندوز ہونا انکے محاضرات سے محظوظ ہونا انکے روح اور دل سے تعلق اور وابستگی کا پیمانہ چیک کرنا اور پھر دیکھنا کہ کہاں بشری جھول پیدا ہورہی ہے کونسی خوبی انکو ممیز کو رہی ہے یہ سب میں ایک “آرٹ” کی طرح دیکھنا پسند کرتا ہوں اور جب میں وہ چیز حاصل کرلیتا ہوں جو مجھے واقعی چاہئیے ہوتی ہے تو ایسا لگتا ہے کہ میرا نشہ پورا ہوگیا ہے ایک سکون کی لہر بڑی آہستگی سے میرے بدن میں رواں دواں ہے اور میں اسے محسوس کر رہا ہوں دراصل یہ خوشی کی لہر ہوتی ہے جو جنگ میں جیتنے والے ایک فاتح کو ہی نصیب ہوتی ہے اور اسکا مزہ بھی ایک ہی بار ملتا ہے جب وہ اپنے جوبن پر ہوتی ہے.!
ذوق جمالیات بہت بڑی رحمت ہے کہ آپ ایک چیز کو اتنی باریکی سے دیکھ کر لطف اندوز ہورہے ہیں کہ جسکی چاشنی بھی لمبی دیر تک قائم رہنے والی ہے اور یہ ایسا ذوق ہے جو آپکو حساسیت اور رقتِ قلب سے آشنا کرواتا ہے آپ فحش گوئی کرنا اور نفرت کے متعلقہ چیزوں سے نبرد آزما ہونا پسند نہیں کرتے آپکو ہر چیز میں محبت اور عقیدت کا درس نظر آتا ہے.
چھوٹی چھوٹی چیزوں میں دلچسپی بڑھتی ہے اور انکو غور سے دیکھنے کا شوق بھی پروان چڑھتا ہے. آبزرویشن امپروو ہوتی ہے مختلف چیزوں کو پرکھنے کا زاویہ فکر فلسفیانہ ہو جاتا ہے. چیزوں سے مانوسیت ہوتی ہے اجنبیت ختم ہوتی ہے انسانوں اور مخلوقات سے ایسا تعلق بنتا ہے گویا کہ آپ ہزاروں سالوں سے زمین پر بس رہے ہیں!
عمیر رمضان