سوال

ایک سوال ہے کہ کیا کسی لڑکی کا نکاح اس کی رضامندی اور اجازت کے بغیر زبردستی کرنا جائز ہے یا حرام؟دوسرا زبردستی کا نکاح کرنے والے والدین یا بھائی کو اس زبردستی کا کوئی گناہ ملے گا؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کا ارشادِ گرامی ہے:

“لَا نِكَاحَ إِلَّا بِوَلِيٍّ”.[ سنن ابوداود: 2085] ’ولی کے بغیر نکاح نہیں ہوتا‘۔

ايك اور حدیث مبارک ہے :

” أَيُّمَا امْرَأَةٍ نَكَحَتْ بِغَيْرِ إِذْنِ وَلِيِّهَا فَنِكَاحُهَا بَاطِلٌ فَنِكَاحُهَا بَاطِلٌ فَنِكَاحُهَا بَاطِلٌ “.[سنن ابوداود : 2083]

’ جوعورت بھی اپنے ولی کے بغیر نکاح کرے اس کا نکاح باطل ہے ۔اس کا نکاح باطل ہے ۔ اس کا نکاح باطل ہے‘۔

لیکن ولی اس لیے نہیں ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیٹی یا بہن پر جبر وزبردستی کرے،  بلکہ ولی کا وظیفہ یہ ہے کہ  لڑکی کی رضامندی کو سامنے رکھتے ہوئے ، کسی مناسب ترین رشتہ کا  انتخاب کرے، اور لڑکی کو بھی چاہیے کہ  جلدبازی  میں کوئی جذباتی فیصلہ کرنے کی بجائے ولی کی مدد واجازت کے مطابق  چلے، کیونکہ شریعت نے  ایک کامیاب و بہترین  نکاح کے لیے لڑکی کی رضامندی اور ولی کی اجازت دونوں کو بنیادی حیثیت دی ہے۔

امام بخاری رحمہ اللہ نے اس مسئلہ کو بہت متوازن انداز سے بیان کیا ہے، اور اس حوالے سے وارد احادیث پر تین  ابواب  (عناوین) قائم کیے ہیں:

(1)ولی کے بغیر نکاح نہیں ہوتا۔

(2)باپ ،دادا کو چاہیے  کہ اپنی زیرکفالت بچی کا نکاح اس کی رضامندی سے کریں۔

(3)اگرباپ دادا  زبردستی  کریں تو نکاح مردود ہوگا۔

اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ دونوں چیزیں ہی ضروری ہیں ۔لڑکی کی رضامندی بھی ضروری ہے اور ولی کی اجاز ت بھی ضروری ہے ،اگر ولی اپنے اختیارات کو غلط استعمال کرتا ہے تو وہ  اللہ کے ہاں گناہ گار بھی ہے، اور حقِ ولایت سے  بھی محروم ہو جائے گا،اور جو لڑکی اپنےباپ دادا، اور خاندان کی عزت کو داؤ پر لگاتے ہوئے خود نکاح  کرتی ہے ، وہ بھی مجرم ہے، اوراس کا نکاح بھی نہیں ہو گا ۔ لہذا لڑکی اپنے ولی کی عزت وآبرو کا خیال رکھے اور اس کی اجازت سےنکاح کرے،  اور ولی کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی زیر ِکفالت  بہن یا بیٹی کا نکاح کرتے وقت اللہ سے ڈرے اور اس کی ہمدردی اور خیرخواہی کو مدنظر رکھ کر ہی نکاح کرے ،اس مقدس بندھن کو اپنے مفادات کی بھینٹ نہ چڑھائے۔

واللہ اعلم بالصواب ۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ