سوال

ہمارے ایک دوست ہیں ،ان کی بیوی لیڈی ڈاکٹر ہے۔اوراس کااپنا کلینک ہے۔ اس میں کچھ لڑکیاں ایسی بھی آجاتی ہیں، جو غیر شادی شدہ اور حمل کے ساتھ ہوتی ہیں۔ وہ آ کر کہتی ہیں ،کہ ہم نے بچہ ضائع کروانا ہے۔ تو وہ یہ بھی کہتی ہیں ،کہ ہمارے ماں باپ ہمیں قتل کر دیں گے۔جیسے ہمارا قبائلی علاقہ ہے ،اگر کوئی عورت ایسی غلطی کرے، تو اس کو گولی مار دی جاتی ہے۔مرد کو بھی گولی  مار دی جاتی ہے۔تو  کیا اس قسم کے حالات میں اس لیڈی ڈاکٹر کے لئے بچہ ضائع کرنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

  • زنا اور بدکاری کبیرہ گناہ ہے، جس کی اسلام میں سخت سزا ہے۔ بعض لوگ یہ بدکاری کرکے بعد میں اسقاطِ حمل کرواتے ہیں، تاکہ ان کی بدکاری پر پردہ پڑھ جائے۔ حالانکہ یہ دوہرا جرم ہے۔ لہذااس لیڈی ڈاکٹر کو اسقاط حمل کرکے، اس جرم میں معاون نہیں بننا چاہیے۔ ارشادِ باری تعالی ہے:

 وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ ۚ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۖ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ [المائدہ:2]

’ اور گناه اورظلم و زیادتی میں مدد نہ کرو، اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، بےشک اللہ تعالیٰ سخت  پکڑ کرنے والا ہے‘۔

  • اللہ سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے، نبی کریم رحمۃ للعالمین ہیں، لیکن پھر بھی  ان جرائم پر سخت سزائیں رکھی گئی  ہیں۔ کیونکہ مجرم کے ساتھ رحم دلی اور شفقت، جرم  پھیلنے کا سبب بنتی ہے، اور معاشرہ تباہی کی راہ پر گامزن ہوجاتا ہے۔ اس طرح کرنے سے مجرموں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، اور وہ دیدہ دلیری سے برائیاں کرنا شروع ہوجاتے ہیں، کہ کوئی بات نہیں، ہم بعد میں اس کا کوئی نہ کوئی بندوبست کرلیں گے۔
  • رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک عورت ، بدکاری سے حاملہ ہو کرآئی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے پیٹ میں بچے کی وجہ سےحد کو ملتوی  کرتے ہوئے فرمایا کہ جب بچہ پیدا ہو پھر میرے پاس آنا۔[مسلم:1695]

جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم  زنا  سے پیدا ہونے والے بچے کی حفاظت کے لیےحد کو ملتوی فرمارہے ہیں، تو پھر کسی اور کو کس نے اختیار دیا ہے کہ ایسے بچے کو ضائع کریں؟  غلطی بدکار مرد اور عورت کی ہے، اس حمل اور جنین کا کوئی قصور نہیں، جو اس کے نتیجے میں پیدا ہورہا ہے۔ لہذا ایسے لوگوں کے ساتھ بالکل تعاون نہ کریں، اور انہیں سزا بھگتنے دیں۔ چند ایک لوگوں کو سزا مل گئی، تو باقی سب باز آجائیں گے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الرؤف بن  عبد الحنان حفظہ اللہ