● فضیلۃ الشیخ حافظ محمد شریف صاحب حفظہ اللہ کا مختصر سا تعارف●

معروف استاد اور مربی حافظ محمد شریف صاحب حفظہ اللہ رائیونڈ ضلع قصور کے قریبی گاؤں بھمبہ کلاں میں (1958ء) میں پیدا ہوۓ، آپ کے والد فتح محمد ایک زمیندار تھے ۔ ناظرہ قرآن کریم اور پرائمری تک تعلیم اپنے گاؤں میں حاصل کی۔ اس کے بعد قریبی گاؤں (میر محمد )میں حافظ محمد یحیی عزیز رحمہ اللہ کی زیر نگرانی مدرسہ میں صرف چھ ماہ میں قرآن پاک حفظ کر لیا۔ آپ کے حفظ کے استاد قاری صدیق الحسن رحمہ اللہ تھے۔ خاندان میں آپ پہلے فرد تھے جو دولت توحید سے بہرہ ور ہوئے اور اس راستے میں ان کو بہت سے مصائب و آلام کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ حفظ قرآن کے بعد ابتدائی کتب میر محمد اور مدرسہ ضیاء السنہ ۔ راجہ جنگ میں پڑھیں ، اور اس کے بعد جامعہ محمدیہ گوجر انوالہ میں چھ سال رہ کر تعلیم حاصل کی۔ جہاں پر انہیں حافظ محمد گوندلوی رحمہ اللہ، حافظ عبدالمنان نورپوری رحمہ اللہ اور ماہر علوم عقلیہ مولاناجمعہ خان جیسے نابغہ روزگار اساتذہ سے استفادہ کا موقع ملا۔اس کے بعد جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں آخری سال کی تکمیل کی اور سند فراغت حاصل کی ۔( 1981ء) میں اعلیٰ تعلیم کے لیے جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ تشریف لے گئے اور کلیۃ الحدیث سے ممتاز حیثیت کے ساتھ فراغت حاصل کی ، جہاں پر انہیں ڈاکٹر ربیع بن هادي المدخلی، الشیخ عبدالفتاح العشور، الشيخ عبدالموجود اور الشیخ عمرفلاتہ جیسے کباراساتذہ سے کسب فیض کا موقعہ ملا۔ اللہ تعالی نے انہیں روشن قوت حافظہ عطافرمائی تھی لہذا آپ نےرسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ ھدایۃالنحو ،الفیہ ابن مالک، بلوغ المرام اور مختصر بخاری حفظ بھی کیں ۔
جامعہ اسلامیہ سے فراغت کے بعد عرصہ پانچ سال تک جامعہ ابی بکر الاسلامیہ کراچی میں تدریس کے فرائض سرانجام دیئے۔ اس کے بعد دس سال کا عرصہ جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں مسند تدریس کی رونق رہے۔ دینی مدارس و جامعات میں علمی انحطاط اور تربیتی کمزوری کو محسوس کرتے ہوئے تخصص کی غرض سے (1990ء) میں مرکز التربیۃ الاسلامیہ کی بنیاد رکھی ۔ جس کی خد مات کا دائرہ بہت وسعت اختیار کر چکا ہے ۔ اور اس سے فارغ التحصیل علماء اور عام ملک کے طول و عرض میں دین حنیف کی خدمت کر رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں آپ کے دعوتی دروس اور خطبات کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ دینی اور رفاہ عامہ کے کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ انہی خدمات کی ترتیب وتنظیم کے لیے (2007ء) میں (التربیة انٹرنیشنل ٹرسٹ) کی بنیادرکھی۔ رب کریم سے دعا ہے کہ صحت وعافیت کے ساتھ ان کی عمر میں برکت عطا فرمائے ، اور ان کا سایہ تا دیر سلامت
رکھے۔

یہ بھی پڑھیں: فضیلۃ الشیخ حافظ مسعود عالم صاحب حفظہ اللہ

ناشر: حافظ امجد ربانی
متعلم جامعہ سلفیہ فیصل آباد