سوال

اگر کسی لڑکی کی خواہش ہو کہ جنت میں اس کا رسول اللہ ﷺ سے نکاح ہو ،تو کیا ایسا ممکن ہے ؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت، عظیم اعمال میں سے ہے۔ لیکن اس محبت کی حقیقت اور کمال یہ ہے کہ یہ شریعت سے ماورا نہ ہو۔ مذكورہ خواہش اور تمنا اگرچے محبت و عقیدت میں لپٹی ہوئی ہے، لیکن اس میں کئی ایک چیزیں محلِ نظر ہیں، مثلا:
1. صحابہ کرام کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت محبت و عقیدت تھی، لیکن کسی ایک بھی صحابیہ نے ایسی دعا نہیں مانگی، اور نہ ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی کسی امتی یا صحابیہ کو ایسی کوئی رغبت و امید دلائی ہے۔
2. ایسی تمنا رکھنا یا دعا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جنت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امہات المؤمنین کے علاوہ بھی امت میں سے ازواج ہوسکتی ہیں، حالانکہ ایسی کوئی بات قرآن وسنت سے ثابت نہیں ہے۔
3. ایسی خواہش رکھنے والی خاتون اگر تو شادی شدہ ہے، تو وہ جنت میں اپنے اِسی دنیاوی خاوند کی بیوی ہوگی، لہذا یہ ممکن نہیں کہ وہ اس کے علاوہ بھی کسی نبی، صحابی یا ولی کی زوجہ بن سکے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

“أَيُّمَا امْرَأَةٍ تُوُفِّيَ عَنْهَا زَوْجُهَا، فَتَزَوَّجَتْ بَعْدَهُ فَهِيَ لِآخِرِ أَزْوَاجِهَا”. [ الأوسط للطبراني:1/175، الصحيحة للألباني:1281]

’جس عورت کا خاوند فوت ہوگیا، اس نے پھر کسی اور سے شادی کرلی، تو وہ (جنت میں) اپنے آخری شوہر کے ساتھ ہوگی‘۔
اور اگر وہ اس امید پر کنواری رہتی ہے ، اور شادی نہیں کرتی، تو شادی نہ کرنا بھی درست اور جائز نہیں ہے۔ کیونکہ نکاح کرنا فرض اور ضروری ہے، اور جو اس سے اعراض کرتا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:وہ میرے طریقے پر نہیں ہے۔ (تفصیل کے لیے فتوی نمبر 88 ملاحظہ کیجیے)
لہذا اس بچی کو چاہیے کہ وہ کسی نیک اور صالح نوجوان سے شادی کرلے۔ اور دونوں مل کر قرآن وسنت کے مطابق، اطاعت و محبتِ رسول میں زندگی گزاریں، تاکہ دونوں کو قیامت کے دن، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے حوضِ کوثر پر جام بھی نصیب ہو، اور جنت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت کی سعادت بھی حاصل ہو۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ