سوال (3387)
کیا یہ درست ہے کہ فرشتے قرآن مجید نہیں پڑھ سکتے ہیں اور جب قرآن پڑھا جاتا ہے تو وہ نہایت توجہ اور شوق سے قرآن سنتے ہیں؟
جواب
راجح قول یہ سمجھ آتا ہے کہ فرشتوں کا قرآن کریم کی تلاوت کرنے سے کوئی چیز مانع نہیں، “فالتالیات ذکرا” سے مراد کئی مفسرین نے فرشتے لیے ہیں اور ذکر کے اندر قران کریم شامل ہے، اسی طرح قران کریم کی کئی ایات سے فرشتوں کے سردار جبرائیل آمین علیہ الصلوۃ و السلام کا قرآن کریم کو لے کر اترنا ثابت ہے، لہذا پہلے انہوں نے پڑھا پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑھایا، اسی طرح صحیح احادیث میں جبریل امین علیہ الصلوۃ والسلام کا نبی علیہ الصلوۃ والسلام کے ساتھ مل کر قرآن کریم کا دور کرنا بھی ثابت ہے، البتہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ سارے کے سارے فرشتے تلاوت کرتے ہیں اور اسی طرح جبرائیل علیہ الصلوۃ والسلام کا قرآن کریم کے نزول کے وقت قرآن کو پڑھنا بطور عبادت کے نہیں کیونکہ فرشتے انسان اور جنات کی طرح مکلف مخلوق نہیں ہیں۔
واللہ اعلم۔
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ
فرشتے احکام شرعیہ کے مکلف نہیں ہیں، جیسے جنات و انس مکلف ہیں، مگر فرشتے ہر لمحہ رب العالمین کی تسبیح و ذکر میں مصروف رہتے ہیں اور فرشتوں کا قرآن کریم سننا، سننے کے لیے اترنا ثابت ہے، باقی تفصیل بیان ہو چکی ہے۔
فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ