وه امور جن سے رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے بچنے کا حکم دیا ہے

 

قارئین کرام ! بعض امور ایسے ہیں جن سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو بچنے کا حکم دیا ہے یے کون سے امور ہیں ؟ آئیں ملاحظہ فرمائیں ! اور اپنے آپ کو ان سے بچائیں ۔

1 شرک سے بچو

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

اجْتَنِبُوا الْمُوبِقَاتِ الشِّرْكُ بِاللَّهِ وَالسِّحْرُ .

تباہ کر دینے والی چیز  اللہ کے ساتھ شرک اور جادو بچو۔

(صحیح بخاری : 5764)

2 سات مہلک گناہوں سے بچو

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

اجْتَنِبُوا السَّبْعَ الْمُوبِقَاتِ، ‏‏‏‏‏‏قَالُوا:‏‏‏‏ يَا رَسُولَ اللہ، ‏‏‏‏‏‏وَمَا هُنَّ؟ قَالَ:‏‏‏‏ الشِّرْكُ بِاللہ، ‏‏‏‏‏‏وَالسِّحْرُ، ‏‏‏‏‏‏وَقَتْلُ النَّفْسِ الَّتِي حَرَّمَ اللہ إِلَّا بِالْحَقِّ، ‏‏‏‏‏‏وَأَكْلُ الرِّبَا، ‏‏‏‏‏‏وَأَكْلُ مَالِ الْيَتِيمِ، ‏‏‏‏‏‏وَالتَّوَلِّي يَوْمَ الزَّحْفِ، ‏‏‏‏‏‏وَقَذْفُ الْمُحْصَنَاتِ الْمُؤْمِنَاتِ الْغَافِلَاتِ .

سات مہلک گناہوں سے بچو ۔ صحابہ نے عرض کیا : یا رسول اللہ! وہ کون سے گناہ ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ کے ساتھ شرک کرنا، جادو کرنا، ناحق کسی کی جان لینا جسے اللہ نے حرام کیا ہے، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، جنگ کے دن پیٹھ پھیر کر بھاگنا اور پاک دامن غافل مومن عورتوں پر تہمت لگانا۔

(صحیح بخاری : 6857)

 

3 صفوں کے درمیان فاصلے سے بچو

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاي وَالْفُرَجُ يَعْنِي : فِي الصَّلاَة .

نماز میں ( صفوں کے درمیان ) فاصلا کرنے سے بچو ۔

(الصحیحة : 1757)

4 روزے میں وصال سے بچو

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُمْ وَالْوِصَالَ ، مَرَّتَيْنِ .

وصال سے بچو ! آپ نے ایسے دو مرتبہ فرمایا ۔

(صحیح بخاری : 1966)

5 دو لعنت والے کاموں سے بچو

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

اتَّقُوا اللَّعَّانَيْنِ.  قَالُوا: وَمَا اللَّعَّانَانِ يَا رَسُولَ اللهِ؟ قَالَ: الَّذِي يَتَخَلَّى فِي طَرِيقِ النَّاسِ، أَوْ فِي ظِلِّهِمْ .

تم دو سخت لعنت والے کاموں سے بچو ۔ صحابہ کرام نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول ! سخت لعنت والے وہ دو کام کون سے ہیں؟ آپ نے فرمایا: جو انسان لوگوں کے راستے میں یا ان کی سایہ دار جگہ میں ( جہاں وہ آرام کرتے ہیں ) قضائے حاجت کرے ۔

(صحيح مسلم : 618)

6 سودے میں قسمیں کھانے سے بچو

سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُمْ وَكَثْرَةَ الْحَلِفِ فِي الْبَيْعِ، فَإِنَّهُ يُنَفِّقُ، ثُمَّ يَمْحَقُ .

سودے میں زیادہ قسمیں کھانے سے بچو کیونکہ وہ ( پہلے سودے کو ) فروغ دیتی ہے، پھر (  اس سے برکت) مٹا دیتی ہے۔

(صحيح مسلم : 4126)

7 اجنبی عورتوں کے ہاں جانے سے بچو

سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُمْ وَالدُّخُولَ عَلَى النِّسَاءِ فَقَالَ رَجُلٌ مِنْ الْأَنْصَارِ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَفَرَأَيْتَ الْحَمْوَ قَالَ الْحَمْوُ الْمَوْتُ .

تم ( اجنبی ) عورتوں کے ہاں جانے سے بچو ۔انصار میں سے ایک شخص نے کہا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! دیور کے متعلق آپ کا کیاخیال ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : دیور تو موت ہے۔

(صحيح مسلم : 5674)

8 ظلم سے بچو

سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

اتَّقُوا الظُّلْمَ فَإِنَّ الظُّلْمَ ظُلُمَاتٌ يَوْمَ الْقِيَامَةِ .

ظلم سے بچو ، کیونکہ ظلم قیامت کے دن  اندھیرے ہوگا ۔

(صحيح مسلم : 6567)

 

9 بخل سے بچو

 

سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

اتَّقُوا الشُّحَّ فَإِنَّ الشُّحَّ أَهْلَكَ مَنْ كَانَ قَبْلَكُمْ .

بخل سے بچو ، کیونکہ تم سے پہلے لوگوں کو بخل نے ہلاک کیا ہے ۔

(صحيح مسلم : 6567)

 

10 بد گمانی سے بچو

 

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

إِيَّاكُمْ وَالظَّنَّ فَإِنَّ الظَّنَّ أَكْذَبُ الْحَدِيثِ .

بدگمانی سے بچو ، اس لیے کہ بدگمانی سب سے جھوٹی بات ہے۔

(سنن ترمذی : 1988)

 

11جھوٹ سے بچو

 

سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

إِيَّاكُمْ وَالْكَذِبَ، ‏‏‏‏‏‏فَإِنَّ الْكَذِبَ يَهْدِي إِلَى الْفُجُورِ، ‏‏‏‏‏‏وَإِنَّ الْفُجُورَ يَهْدِي إِلَى النَّارِ، ‏‏‏‏‏‏وَإِنَّ الرَّجُلَ لَيَكْذِبُ وَيَتَحَرَّى الْكَذِبَ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللَّهِ كَذَّابًا .

تم جھوٹ سے بچو ، اس لیے کہ جھوٹ برائی کی طرف لے جاتا ہے، اور برائی جہنم میں لے جاتی ہے، آدمی جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ میں لگا رہتا ہے، یہاں تک کہ وہ اللہ کے نزدیک جھوٹا لکھ دیا جاتا ہے ۔

(سنن ابی داود : 4989)

 

 

12 حسد سے بچو

 

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

إِيَّاكُمْ وَالْحَسَدَ فَإِنَّ الْحَسَدَ يَأْكُلُ الْحَسَنَاتِ كَمَا تَأْكُلُ النَّارُ الْحَطَبَ .

تم لوگ حسد سے بچو ، اس لیے کہ حسد نیکیوں کو ایسے کھا لیتا ہے، جیسے آگ ایندھن کو کھا لیتی ہے ۔

(سنن ابی داؤد : 4903)

 

 

13 بیچ راستے میں پڑاؤ سے بچو

 

سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا :

إِيَّاكُمْ وَالتَّعْرِيسَ عَلَى جَوَادِّ الطَّرِيقِ، ‏‏‏‏‏‏وَالصَّلَاةَ عَلَيْهَا، ‏‏‏‏‏‏فَإِنَّهَا مَأْوَى الْحَيَّاتِ وَالسِّبَاعِ، ‏‏‏‏‏‏وَقَضَاءَ الْحَاجَةِ عَلَيْهَا فَإِنَّهَا مِنَ الْمَلَاعِنِ .

بیچ راستے میں رات کو پڑاؤ ڈالنے اور نماز پڑھنے سے بچو ، اس لیے کہ وہ سانپوں اور درندوں کے باربار آنے اور جانے کا راستہ ہے، اور وہاں قضائے حاجت سے بھی بچو اس لیے کہ یہ لعنت کے اسباب میں سے ہے ۔

(سنن ابن ماجة : 329)

 

14 خوشامدی سے بچو

 

سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُمْ وَالتَّمَادُحَ،‏‏‏‏ فَإِنَّهُ الذَّبْحُ .

تم آپس میں ایک دوسرے کی منہ پر مدح و تعریف کرنے سے بچو ، کیونکہ اس طرح تعریف کرنا گویا ذبح کرنا ہے ۔

(سنن ابن ماجة : 3743)

 

15 کبیرہ گناہوں سے بچو

 

سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

اجْتَنِبُوا الْكَبَائِرَ، وَسَدِّدُوا، وَأَبْشِرُوا .

كبیرہ گناہوں سے بچو ،قریب کرو اور خوش خبریاں دو۔

(مسند احمد : 15238)

 

 

16 صغیرہ گناہوں سے بچو

 

 

سیدنا عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا:

يَا عَائِشَةُ،‏‏‏‏ إِيَّاكِ وَمُحَقَّرَاتِ الْأَعْمَالِ،‏‏‏‏ فَإِنَّ لَهَا مِنَ اللَّهِ طَالِبًا .

حقیر و معمولی گناہوں سے بچو ، کیونکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کا بھی مواخذہ ہو گا ۔

(سنن ابن ماجة : 4243)

 

 

17 بد کلامی سے بچو

 

سیدنا عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

يَاعَائَشَة! إِيَّاكِ والفُحْشَ! إِيَّاكِ والفُحْشَ! فَإِن الْفُحْشَ لَو كَانَ رَجُلًا لَكَانَ رَجلُ سُوْءٍ.

اے عائشہ ! بد کلامی سے بچو ، بد کلامی سے بچو ، کیونکہ اگر بدکلامی کسی آدمی کی صورت میں ہوتی تو انتہائی بری صورت میں ہوتی ۔

(الصحیحة : 357)

 

18 شراب سے بچو

 

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

اجْتَنِبُوا الْخَمْرَ فَإِنَّهَا مِفْتَاحُ كُلِّ شَرٍّ.

شراب سے بچو ،كیونکہ یہ ہر برائی كی چابی ہے۔

(الصحیحة : 2798)

 

19 مظلوم کی بد دعا سے بچو

 

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے معاذ رضی اللہ عنہ کو جب ( عامل بنا کر ) یمن بھیجا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ہدایت فرمائی کہ :

اتَّقِ دَعْوَةَ الْمَظْلُومِ ؛ فَإِنَّهَا لَيْسَ بَيْنَهَا وَبَيْنَ اللَّهِ حِجَابٌ .

مظلوم کی بددعا سے بچنا کیونکہ کہ اس کے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان کوئی پردہ نہیں ہوتا۔

(صحیح بخاری : 2448)

 

20 دنیا سے بچو

 

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :

اِحْذَرُوا الدُّنْيَا، فَإِنَّهَا خَضِرَةٌ حُلْوَةٌ .

دنیا سے بچو كیوں كہ یہ سر سبز اور میٹھی ہے۔

(الصحیحة : 1196)

 

21 بادشاہوں کے دورازوں پر جانے سے بچو

 

سیدنا ابو الاعور سلمی رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُم وَأَبْوَابِ السُّلْطَانِ ، فَإِنَّهُ قَدْ أَصْبَح صَعْبًا هَبُوْطاً .

بادشاہوں كے دروازوں پر جانے سے بچو ، كیوں كہ یہ بہت مشكل اور ذلت كا باعث ہے ۔

(الصحیحة : 1253)

 

22 بلا وجہ راستوں میں بیٹھنے سے بچو

 

سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُمْ وَالْجُلُوسَ عَلَى الطُّرُقَاتِ، ‏‏‏‏‏‏فَقَالُوا:‏‏‏‏ مَا لَنَا بُدٌّ، ‏‏‏‏‏‏إِنَّمَا هِيَ مَجَالِسُنَا نَتَحَدَّثُ فِيهَا، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ فَإِذَا أَبَيْتُمْ إِلَّا الْمَجَالِسَ فَأَعْطُوا الطَّرِيقَ حَقَّهَا .

راستوں میں بیٹھنے سے بچو ۔ صحابہ نے عرض کیا کہ ہم تو وہاں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ وہی ہمارے بیٹھنے کی جگہ ہوتی ہے کہ جہاں ہم باتیں کرتے ہیں۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اگر وہاں بیٹھنے کی مجبوری ہی ہے تو راستے کا حق ادا کرو۔

(صحيح بخاري : 2465)

 

23 دھوکہ دینے سے بچو

 

سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاكُمْ وَالْغُلُولَ ؛ فَإِنَّ الْغُلُولَ خِزْيٌ عَلَى صَاحِبِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ .

دھوکہ دینے سے بچو ! بیشک قیامت کے دن یہ دھوکہ رسوائی کا سبب ہوگا ۔

(مسند احمد : 22795)

 

 

24  ہر معذرت والے کام سے بچو

 

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِيَّاك وَكُلَّ مَا يُعْتَذرُ مِنْه.

ہر اس کام سے بچو جس سے بعد میں معذرت کرنی پڑے۔

(الصحیحة : 354)

 

25 جہنم کی آگ سے بچو

 

 

سیدنا عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

اتَّقُوا النَّارَ وَلَوْ بِشِقِّ تَمْرَةٍ .

جہنم کی آگ سے بچو اگرچہ کھجور کا ایک ٹکڑا دے کر ہی سہی ۔

(صحیح بخاری : 1417)

محمد سلیمان جمالی