طالب علم کا سلام خواتینِ اسلام کے نام
جوں ہی رمضان المبارک کا آغاز ہوتا ہے ہر مسلم گھرانے میں روحانی خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایک خوشنما تبدیلی چاروں طرف پھیل گئی ہے۔ ماحول میں عجب طمانیت پھیل جاتی اور فضا میں انوکھی خوشبو پھیل جاتی ہے۔ خواتین، مر د اور بچے سب ہی اس مہینے کا بےصبری سے انتظار کرتے ہیں اور اس کا استقبال دل کی گہرائیوں سے کرتے ہیں۔ اس بابرکت مہینے کی محبت و عقیدت مسلمانوں کے لیے ہمیشہ سے ہی بے مثال رہی ہے۔
♦️ اس ماہ مبارک کی آمد پر خیر و برکت کے دروازے کھل جاتے ہیں مومن کا رزق بڑھ جاتا ہے انواع و اقسام کے کھانے جو وسعت ہونے کے باوجود پورے سال میں اس اہتمام سے دستیاب نہیں ہوتے رمضان المبارک میں ہر کس و ناکس کو ان سے بہرہ مند کردیا جاتاہے۔
ان تمام انتظامات کے سلسلے میں ہر گھر میں خواتین کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ سحر و افطار کا خصوصی اہتمام کرنا، گھر والوں کو سحری کے وقت جگانا، بچوں کو نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کا پابند بنانا، محلے میں افطاری بھیجنے کا اہتمام کرنا، رشتےداروں کو افطار کے لیے مدعو کرنا وغیرہ۔
♦️ عورت سحری میں سب سے پہلے جاگتی ہے۔ اور سب گھر والوں کے لیئے سحری تیار کرتی ہے پھر سب گھر والوں کو جگاتی لیکن سب سے آخر میں کھاتی ہے۔
♦️ بچوں کو سکول بھیجنے کے بعد گھر کی صفائی ستھرائی کا کام شروع ہوتا ہے۔
♦️ اس کے بعد دوپہر میں بچوں کو کھانا کھلاتی ہے۔
پھر 4 بجے کے بعد سے افطاری تک اپنے خاندان والوں کے لیئے افطاری تیار کرنے میں لگ جاتی ہے۔
♦️ مختلف قسم کے کھانے تیار کرتی ہے اور ساتھ میں یہ ڈر بھی رہتا ہے کہ پتہ نہیں کیسے کا پکا ہوگا۔
♦️ بڑوں اور چھوٹوں کی پسند کے مطابق الگ الگ چیزیں پکاتی ہے۔ اور ساتھ میں افطاری سے پہلے شوہر صاحب کو روزہ لگا ہو تو انکی کڑوی کسیلی سن کر برداشت کرنا۔
♦️ اذان سے پہلے دسترخوان لگانا، ہر ایک کو اس کی پسند کی ڈش پیش کرنا، کسی کی طبیعت کے مطابق نمک کم ہے اور خاص ٹھنڈا نہیں ہے۔
یہ پانی ڈالنا ،چٹنی ڈالنا، اوہو! پکوڑوں میں اتنا نمک۔۔۔۔
♦️ تراویح کے بعد پھر سے حضرات کے لیئے چائے، قہوہ وغیرہ تیار کرتی ہے۔
♦️ اور پھر سے سحری میں سب سے پہلے جاگتی ہے۔
اگر خدا نا خواستہ جاگ نہ آئی یا سحری لیٹ ہوئی تو سب خاندان کا نزلہ بیچاری عورت پر گرتا ہے سارا دن “صاحب” کا موڈ آف رہتا ہے۔
اس وقت ہم مرد حضرات یہ بھول جاتے ہیں کہ آخر وہ بھی ہماری طرح انسان ہے۔
♦️ پیارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:” خَيْرُكُمْ خَيْرُكُمْ لِأَهْلِهِ، وَأَنَا خَيْرُكُمْ لِأَهْلِي”.
´عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے اہل و عیال کے لیے بہتر ہو، اور میں اپنے اہل و عیال کے لیے تم میں سب سے بہتر ہوں“
(ابنِ ماجہ 1977)
ہمارے مشرقی معاشرے میں مرد گھر میں بس حاکم کا کردار ادا کرتا ہے گھریلو کام کاج میں بیوی کے ساتھ تعاون کو اور ہی رنگ دیا جاتا ہے۔۔۔ جبکہ:
♦️ سیدہ عائشہ رضی ﷲ عنہا فرماتی ہیں:
’’ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گھر میں وہ تمام کام کرتے تھے جو تم میں سے ایک عام آدمی کرتا ہے، کوئی چیز ایک جگہ سے اٹھاتے اور دوسری جگہ پر رکھتے تھے، گھر کے امور میں اپنی بیویوں کی مدد فرماتے، کپڑے سی لیتے، جوتا گانٹھ لیتے، گوشت کاٹ کر دیتے، گھر میں جھاڑو دیتے اور خادم کے کاموں میں اس کا ہاتھ بٹاتے تھے۔‘‘ (ترمذی وطبرانی )۔
عورت کو گھر کے انتظامات میں بہت زیادہ وقت صرف کرنا پڑتا ہے اس کے پاس عبادت ،ریاضت اور تلاوت کیلئے وقت کم بچتا ہے ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام نے۔
عورت کے لیے تو ویسے ہی جنت میں داخلے کے لیے مختصر سی باتیں بیان کی ہیں، بہت آسان سا طریقہ ہے جنت میں داخل ہونے کا:
آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
إذا صلَّت المرأةُ خمسَها وصامت شهرَها وحفِظت فرجَها وأطاعت زوجَها قيل لها ادخُلي الجنَّةَ من أيِّ أبوابِ الجنَّةِ شئتِ (مسند أحمد)
عورت پانچ وقت کی نماز پڑھ لے رمضان کے روزے رکھ لے اپنی عزت کی حفاظت کرلے اپنے شوہر کی اطاعت کرے تو جنت کے آٹھوں کے آٹھوں دروازے اس عورت کے لیے کھول کے کہا جائے گا جس دروازے سے چاہئے وہ داخل ہو جائے۔
جنت کا راستہ اور داخلے کے اسباب عورت کے لیے بہت ہی آسان کر دیئے گئے ہیں۔
ایسی بھی نیک بخت خواتین ہیں جو کھانا بنانے اور کام کاج کے دوران زبان سے اللہ کا ذکر جاری رکھتی ہیں اس سے ان کا سارا وقت عبادت میں گزرتا ہے اور ان کے بنائے ہوئے کھانے میں بھی خیر و برکت شامل ہوجاتی ہے۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ مردوں کی عبادات اور نیکی و تقویٰ میں خواتین خانہ کا ایک خاص کردار ہوتا ہے
اللّٰہ تعالیٰ ہماری مسلم خواتین ماؤں، بہنوں بیٹیوں کو اپنی انفرادی عبادات اور معمولات کے ساتھ ساتھ اس پر مشقت ڈیوٹی کی انجام دہی پر اجر عظیم سے نوازے۔
رمضان المبارک میں انکی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین ثم آمین
✍️عبدالرحمان سعیدی