سوال (2431)
“الکافرون” جمع اور معرف اللام ہونے کے باوجود غیر منصرف کیوں نہیں ہے، حالانکہ کسی اسم میں اسباب منع صرف میں دو سبب کا پایا جانا غیر منصرف کا سبب بنتا ہے، یہاں جمع اور معرفہ دونوں موجود ہیں۔
جواب
جی بالکل کسی بھی اسم میں اسباب منع صرف دو سبب کا پایا جانا غیر منصرف کا سبب بنتا ہے، ایک ایسا سبب پایا جائے جو دو کے قائم مقام ہو تو تب بھی غیر منصرف بنتا ہے۔
معرفہ:
یاد رہے کہ معرفہ کی تمام اقسام سے صرف علم ہی غیر منصرف کا سبب بنتا ہے ، باقی اقسام غیر منصرف کا سبب نہیں بنتے ہیں، جس کی تفصیل نحو کی کتابوں میں دیکھی جا سکتی ہے اور “الکافرون” علم نہیں ہے۔
جمع:
جمع کے لیے شرط یہ ہے کہ وہ جمع منتہی الجموع کے وزن پر ہو اور اس کے آخر میں ایسی “ۃ” نہ آئے جو حالت وقف میں ” ہ ” بن جائے جیسے لفظ “ملائکة ” ملک کی جمع ہے، مگر حالت وقف میں “ملائکہ” پڑھا جاتا ہے۔ لفظ مساجد اور مصابیح غیر منصرف ہونگے ۔ لہذا “الکافرون” جمع منتہی الجموع کا بھی وزن نہیں ہے۔
اس لیے “الکافرون” جمع اور معرفہ ہونے کے باوجود شرائط پر مکمل نہیں اترتا ہے، یہ منصرف ہی ہے۔
فضیلۃ الباحث افضل ظہیر جمالی حفظہ اللہ