سوال (2326)

کیا آن لائن گیم کھیلنے پر پیسے کمانا درست ہے؟ انٹری کی فیس لیتے ہیں ، پھر ٹارگٹ دیتے جو انچیف کرتا ہے اسے پیسے بھیج دیتے ہیں کیا یہ درست ہے؟

جواب

آن لائن گیمز تو کئی ایک قباحتوں کا مجموعہ ہوتی ہیں۔ لیکن یہ صورت تو آف لائن گیمز اور کھیلوں میں بھی جائز نہیں ہے کہ انٹری فیس سب جمع کروائیں اور ان پیسوں سے جیتنے والی ٹیم کو انعام دیا جائے۔ یہ جوے کی ہی ایک شکل ہے۔

فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ

آنلائن گیمز کی نوعیت کیا ہے؟ ہمارے ہاں آنلائن گیمز تقریبا سب غیر شرعی ہیں۔ ان سب میں بڑا نقصان وقت کی بربادی ہے۔ پھر فرض نماز سے غافل ہیں۔ پھر آپس کا لڑائی جھگڑا ہے یہاں تک کہ بات قتل پر چلی جاتی ہے، شواہد موجود ہیں، پھر ان پر جوا بھی لگتا ہے۔
اس لیے یہ حرام کے زمرے میں آتی ہیں۔

فضیلۃ العالم اکرام اللہ واحدی حفظہ اللہ

سوال: کیا موبائل گیموں اور اس طرح کی ایپس کے ذریعے سے پیسے کمانا جائز ہے؟

جواب: یہ مسئلہ تفصیل طلب ہے اور گیم یا ایپ کی نوعیت، آمدن کے طریقۂ کار، اور اس میں شامل شرعی پہلوؤں پر منحصر ہے۔

اگر گیم حلال اور مباح ہو یعنی گیم میں کوئی حرام مواد نہ ہو (مثلاً: عریانی، جوا، تشدد، شراب، غیر اخلاقی کردار وغیرہ)۔

گیم میں شرکیہ یا خرافاتی عناصر نہ ہوں۔نماز یا فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ بنے۔ تو ایسی گیم بنانا یا کھیلنا اصلاً جائز ہے بشرطیکہ وہ حد سے تجاوز نہ کرے۔

اگر گیم ناجائز ہو مثلاً جوا پر مبنی ہو، قمار ہو، یا فحش مواد ہو، تو ایسی گیم سے پیسہ کمانا بھی حرام ہوگا۔

آمدن کا ذریعہ؟

اگر گیم میں دکھائی جانے والی اشہارات (ads) حلال ہوں اور کوئی غیر اخلاقی مواد نہ ہو تو اس سے آمدن لینا جائز ہے۔

لیکن اگر ایڈز میں سودی بینک، قمار، فحاشی، یا حرام مصنوعات کی تشہیر ہو،تو پھر آمدن میں حرام کی آمیزش ہوگی۔

اگر صارفین رضامندی سے گیم کے اندر چیزیں خریدتے ہیں، اور وہ حقیقی جوا یا دھوکہ نہیں ہے، تو یہ بھی جائز ہے۔ لیکن اگر “Pay to Win” یا جوا نما نظام ہو تو یہ مشکوک یا حرام ہو سکتا ہے۔

اگر صارف ایڈز دیکھ کر انعام پاتا ہے، اور یہ مکمل طور پر رضاکارانہ ہو، تو یہ بھی جائز ہے، بشرطیکہ ایڈز حلال ہوں۔

اگر مقصد وقت ضائع کرنا ہو، یا لوگوں کو عادی بنا کر پیسہ کمانا ہو، تو شرعاً اس میں قباحت پیدا ہو جاتی ہے۔ لیکن اگر مقصد حلال روزی کمانا ہو اور کوئی شرعی خرابی نہ ہو، تو اس میں جواز ہے۔

فضیلۃ الشیخ فیض الابرار شاہ حفظہ اللہ