سوال

سرکاری پانی آتا ہے، بازار میں ایسے پمپس دستیاب ہیں، جن کو ’سکشن پمپ’ کہا جاتا ہے، یعنی ’پانی کھینچنے والا پمپ’، وہ اگر لگا لیا جائے تو پانی زیادہ آتا ہے، بالکل اسی طرح جس طرح بعض لوگوں نے گیس کھینچنے کے لیے کمپریسر لگایا ہوا ہوتا ہے، کیا ایسا کرنا جائز ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

اس طرح کے پمپس اور کمپریسر لگانے سے اگر دوسروں کی حق تلفی ہوتی ہے تو یہ کام کرنا جائز نہیں ہے۔

کیونکہ کمپریسر یا پمپ کے ذریعے جو گیس یا پانی کھینچ لیتا ہے، وہ گویا کہ دوسروں کو نقصان پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔ کیونکہ اس سے کمپریسر والے گھر میں تو گیس/ پانی زیادہ آجاتا ہے، لیکن آس پاس کے لوگوں کو معمول کے مطابق بھی نہیں ملتا۔ لہذا یہ درست نہیں۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:

«لا ضَرَرَ ولا ضِرَارَ»[ صحيح سنن ابن ماجة:1909]

کسی کو، یا آپس میں ایک دوسرے کو نقصان پہنچانا درست نہیں ہے۔

اور یہ ہمسایوں کی حق تلفی کی بھی ایک صورت ہے، جس پر شریعت میں سخت وعید ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

وَاللَّهِ لاَ يُؤْمِنُ، وَاللَّهِ لاَ يُؤْمِنُ، وَاللَّهِ لاَ يُؤْمِنُ قِيلَ: وَمَنْ يَا رَسُولَ اللَّهِ؟ قَالَ: الَّذِي لاَ يَأْمَنُ جَارُهُ بَوَايِقَهُ. [صحيح البخاري:6016]

’آپ نے تین دفعہ فرمایا اللہ کی قسم وہ مومن نہیں ہے۔ صحابہ کرام نے استفسار کیا: اے اللہ کے رسول کون بد نصیب؟ فرمایا: جس کے تکلیف دہ رویے سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو‘۔

ایک اور حدیث میں الفاظ ہیں:

لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ مَنْ لَا يَأْمَنُ جَارُهُ بَوَائِقَهُ. [صحيح مسلم:46]

’ ایسا شخص جنت میں داخل نہیں ہوگا جس کے تکلیف دہ رویے سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو‘۔

اسی وجہ سے اہلِ علم نے پڑوسى کو تکلیف اور ایذا رسانی کو کبائر میں شامل کیا ہے۔ (الزواجر عن اقتراف الكبائر:1/ 422)

البتہ بعض دفعہ پانی نیچے والی منزل سے اوپر پہنچانے کی ضرورت ہوتی ہے، اگر اس قسم کی کسی ضرورت کے لیے پمپ استعمال کیا جائے اور کسی دوسرے کی حق تلفی مقصود نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ