سوشل میڈیا پر دین کا کام کرنے کی اہمیت و افادیت

موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے، جس کے ذریعے لوگ اپنا پیغام دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کا استعمال مختلف مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے، لیکن اس کی سب سے اہم، نفع بخش و نیک ترین صورت دینِ اسلام کی تعلیمات کو عام کرنا اور لوگوں کو دین اسلام کے قریب لے کر آنا ہے۔ سوشل میڈیا پر دین کا کام کرنے کی اہمیت کو مختلف زاویوں سے سمجھا جا سکتا ہے۔
1: وسیع تر رسائی
سوشل میڈیا کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی وسیع رسائی ہے۔ ایک پوسٹ، ویڈیو یا آرٹیکل دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں تک پہنچ سکتا ہے اور انکی رہنمائی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ دین کی تبلیغ کے لیے یہ ایک ناقابل فراموش پلیٹ فارم ہے۔ جس کے ذریعے ہم اسلامی تعلیمات اور اخلاقیات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں۔
2: نوجوان نسل کی رہنمائی
سب لوگ خصوصا نوجوان طبقہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال ہے۔ اور یہ سوشل میڈیا بہت سے نوجوانوں کی پستی و گمراہی کا ذریعہ بن رہا ہے۔ اسکے ذریعے مسلمانوں میں فحاشی و عریانی کو عام کیا جارہا ہے اس لیے یہ امر انتہائی ضروری ہے کہ انہیں درست اسلامی تعلیمات اور اقدار سے روشناس کرایا جائے۔ سوشل میڈیا پر دین کا کام کرتے ہوئے ہم نوجوانوں کو دین کے قریب لا سکتے ہیں، ان کی اخلاقی اور روحانی تربیت کر سکتے ہیں۔
3: علم کا فروغ
سوشل میڈیا کے ذریعے اسلامی علوم کا فروغ ممکن ہے۔ دینی کتابیں، مضامین، تفاسیر، حدیث اور فقہ کے دروس کو آن لائن شیئر کیا جا سکتا ہے۔ اس سے لوگوں کو دین کی گہرائیوں کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے اور وہ مذکورہ چیزوں سے اپنے علم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کسی بھی بڑی علمی شخصیت سے علم حاصل کرسکتے ہیں۔
4: غلط فہمیوں کا ازالہ
اسلام کے بارے میں مختلف غلط فہمیاں اور شبہات موجود ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ان غلط فہمیوں اور شبہات کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔ علماء اور دینی سکالرز کے ذریعے مستند اور تحقیق شدہ مواد پیش کرکے ہم اسلام کی صحیح تصویر دنیا کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔
5: مثبت  پیغام رسانی
اسلام امن، محبت، اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر مثبت پیغامات، قرآنی آیات، احادیث اور اقوالِ سلف کو شیئر کرکے دین کی تبلیغ کیساتھ ساتھ ہم معاشرے میں محبت اور امن کی فضا قائم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، دینی پروگرامز، سیمینارز اور دروس کے اعلانات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کیے جا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر دین کا کام کرتے وقت ذمہ داری اور احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ صرف مستند اور صحیح معلومات شیئر کریں، افواہوں اور غیرمصدقہ باتوں سے پرہیز کریں۔ اختلافات کو بڑھاوا دینے کی بجائے اتحاد اور یگانگت کا پیغام دیں۔
سوشل میڈیا پر دین کا کام کرنے کی اہمیت نہایت زیادہ ہے۔ یہ نہ صرف دین کی تبلیغ و ترویج کا بہترین ذریعہ ہے بلکہ اسلامی تعلیمات کو عام کرنے اور معاشرتی اصلاح کا بھی اہم وسیلہ ہے۔ ہمیں اس پلیٹ فارم کو ذمہ داری سے استعمال کرتے ہوئے اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنی چاہیے۔ اللہ ہمیں اس نیک کام میں کامیاب کرے اور ہماری کوششوں، کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین۔

اسداللہ بھمبھوی