صدور حفظ سسٹم میں فضیلۃ الشیخ ضیاء الحق المدنی حفظہ اللہ کی آمد

آج بروز اتوار بتاریخ 18 اگست 2024ء فضیلۃ الشیخ ابو عبد اللہ ضیاء الحق المدنی حفظہ اللہ العلماء انسٹیٹیوٹ، صدور حفظ سسٹم میں تشریف لائے۔ تمام طلبہ اور اساتذہ نے ان کی اقتداء میں نماز ظہر ادا کی۔ اور اس کے بعد مختصر مگر تربیتی اور فکر انگیز درس ارشاد فرمایا، جس میں بچوں کو محنت اور لگن کی طرف توجہ دلائی اور وقت کی اہمیت و فضیلت کو نمایاں کیا۔
بجوں کے لیے بطور مثال چند علماء و قراء کا تذکرہ خیر بھی کیا کہ کس طرح اللہ تعالی نے قرآن اور دینی علم کی وجہ سے عزت و منصب سے نوازا ہے۔
ادارہ چونکہ کچھ عرصہ پہلے ایک نئی بلڈنگ میں منتقل ہوا ہے، اس لیے تعمیری سلسلہ جاری و ساری ہے، اس کے پیش نظر آپ نے ادارے کی ترقی اور بہتری کے لیے بھی نیک تمناؤں اور جذبات کا اظہار فرمایا اور اس کا خواہش اور توقع کا اظہار فرمایا کہ بہت جلد یہ ادارہ حفظ و تجوید سے ہوتے ہوئے قراءات اور دیگر علوم و فنون کی بہترین درسگاہ کی شکل اختیار کرے گا۔ ان شاءاللہ۔
نماز اور درس کے بعد العلماء انسٹیٹیوٹ کے آفس اور ریسرچ سنٹر میں مختصر بیٹھک ہوئی، جس میں متواضع ظہرانہ کا اہتمام تھا اور اسی طرح حال ہی میں منظر عام پر آنے والا فتاوی لجنۃ العلماء بھی آپ کی خدمت میں پیش کیا گیا۔
فضیلۃ الشیخ ضیاء الحق المدنی مدینہ یونیورسٹی سے فاضل ہیں اور آج کل وسن پورہ، لاہور میں بچیوں کے معروف ادارے میں ذمہ داری ادا کر رہے ہیں، جہاں آپ کی اہلیہ بھی سینئر معلمہ ہیں۔ اسی طرح آپ کے صاحبزادہ عبد اللہ ضیاء بھی جامعہ بلال یوکے سنٹر۔ لاہور میں آخری کلاس کے طالبعلم اور لاہور ہی کی ایک مسجد میں امامت و خطابت کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ہمیں گاؤں میں ایک بہترین اور شایان شان ادارہ بنانے کی توفیق عنایت فرمائے اور ساتھ ہمیں یہ ہمت بھی عطا کرے کہ ہم گاؤں کے اس قسم کے انمول ہیروں کی تعلیمی و تدریسی صلاحیتوں سے مستفید ہو سکیں۔
آمین یا رب العالمین۔