حضرت علامہ ڈاکٹر محمد سلیمان اظہر عرف بہاء الدین حفظہ اللہ خلف الرشید حضرت مولانا محمد عبداللہ گورداس پوری رحمۃ اللّٰہ علیہ علمی حلقوں میں ایک جانی پہنچانی شخصیت ہیں۔ ان کا اصل میدان تحقیق ہے جس میں وہ 1969 سے جھنڈے گاڑتے آرہے ہیں۔ پچھتر جلدوں پر مشتمل تحریک ختم نبوت کی تدوین و اشاعت اور تیرہ جلدوں کو محیط تاریخ اہل حدیث کی عام وخاص تک رسائی دینے میں انھوں نے بہ یک وقت تنہا اپنی صلاحیت ،علمیت، قیمتی لمحات،صحت اور سرمایے کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا۔ وہ لاکھ جتن کر کے کتاب ڈھونڈتے ہیں،تحقیق کی سان پر کستے ہیں،اپنی جیب سے روپیہ خرچ کر کے اہل علم کے حضور پیش کر کے ذخیرۂ آخرت بناتے ہیں۔
تاریخ اہل حدیث کے سلسلے کی دسویں جلد اشاعت پذیر ہو چکی ہے۔ 20 اکتوبر 2023 بروز جمعہ اس کتاب کی تقریب رونمائی رکھی گئی۔ اس تقریب کا اہتمام ہمارے فاضل دوستان حضرت مولانا حکیم محمد فاروق عثمان،شیخ الحدیث مولانا حافظ ریاض احمد عاقب اثری اور حضرت مولانا حکیم عبد اللطیف ثاقب صاحب زید مجدھم نے کیا تھا لیکن ہم شدید خواہش کے باوجود اس تقریب میں شرکت سے محروم رہے۔
محترم برادرم جناب چوہدری سہیل گورداس پوری صاحب قاسم الکتب الاسلامیہ کی مہربانی سے یہ کتاب ہمیں موصول ہو چکی ہے۔
مصنف نام دار نے کتاب کے آغاز میں نصف صدی پرانا اپنا ایک رسالہ ” برصغیر پاک و ہند میں تعلیم و ترویج حدیث ” بہ طور مقدمۃ الکتاب کے درج فرمایا ہے۔ سیکڑوں صفحات کا ایکسٹریکٹ یہ رسالہ ہم نے بچپن میں دیکھا اور پڑھا کیوں کہ ہمارے بزرگوں کی لائبریری میں یہ موجود تھا، تب سے ہم ڈاکٹر صاحب کو جانتے اور مانتے ہیں۔
کتاب کا مرکزی موضوع نو مسلم مولانا محمد سعید محدث بنارسی کی اشاعت و ترویج حدیث کی نا قابلِ فراموش خدمات کے گر گھومتا ہے۔
اسی لیے کتاب آغاز میں بنارس کی مختصر تاریخ کے ساتھ ساتھ بنارسی خدام حدیث کا تذکرہ بھی آگیا ہے۔
اس میں مولانا عبد الحق محدث بنارسی،مولانا عبد الرحمن منوی بنارسی،مولانا عبدالکریم سلفی، مولانا حمید الدین احمد جعفری ہاشمی بنارسی، مولانا حافظ بشیر الدین احمد جعفری هاشمی بنارسی مولانا سید جلال الدین احمد ہاشمی جعفری، مولانا سعید الدین احمد جعفری ہاشمی بنارسی، مولانا شہید الدین احمد جعفری بنارسی، مولانا محمد سعید محدث بنارسی، مولانا حکیم حافظ عبد المجید بنارسی، مولانا نذیر الدین جعفری ہاشمی بنارسی، مولانا محمد منیر خان بناری، مولا ناسید عبدالکبیر بہاری بنارسی، مولانا حیات محمد بناری،مولا نا حکیم حیات اللہ بنارسی رحمھم اللہ کے حالات و واقعات حیات سے واقفیت کرائی گئی ہے۔(جاری)

حکیم مدثرمحمدخاں