زندہ قومیں اپنے محسنین کو یاد رکھتی ہیں

زندہ قومیں اپنے محسنین کو یاد رکھتی ہیں۔ اپنی روایات و اقدار کی حفاظت کر کے اگلی نسل کو منتقل کرتی ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ بزرگ اپنے بچوں کو بتایا کرتے تھے کہ یہ بزرگ میرا دوست ہے یہ آپ کے دادا کے دوست ہیں۔ اس خاندان کے ہمارے خاندان پر احسانات ہیں جنہیں ہر حال میں یاد رکھنا۔
مناظر اسلام مولانا قاضی عبدالرشید ارشد حفظہ اللہ نے اپنے قیمتی جوانی مسلک اہل حدیث کے دفاع میں گزاری۔ دن رات ایک کیا۔ مسلک کی خدمت میری زندگی وقف کر دی۔ یہ تو سب جانتے ہیں کہ 100 عالم ہوں تو ان میں سے ایک مناظر بنتا ہے۔ اور 10 مناظر ہوں ان میں سے ایک سنجیدہ، بااصول، متحمل مزاج اور مثبت فکر کا حامل ہوتا ہے۔۔۔ہر گل را رنگ و بوئے دیگر است
اللہ تعالی سب کی خدمات قبول فرمائے۔
کل حضرت قاضی صاحب کی اہلیہ محترمہ کی نماز جنازہ کے موقع پر بابائے تبلیغ مولانا محمد عبداللہ گورداسپوری رحمۃ اللہ علیہ بہت یاد آئے۔فرمایا کرتے تھے:
“جب تک مولوی کی زبان چلتی ہے اس وقت تک زندہ باد اور قدم بڑھاؤ۔۔۔۔ ہم تمہارے ساتھ ہیں کہ نعرے گونجتے ہیں جب مولوی بڑھاپے کی وجہ سے تقریر نہ کر سکے سب رابطے اور اظہار محبت ختم”
نماز جنازہ میں ضلع گوجرانوالہ سے کثیر تعداد میں علمائے کرام، قراء عظام شیوخ الحدیث اور محبت کرنے والے احباب جماعت شریک تھے۔۔۔۔
مگر خطیبِ حق بیاں، خطیب شعلہ بیاں، مقرر شیریں بیاں، مسلک اہل حدیث کے پاسبان، ترجمان، مسلک اہل حدیث کے وکیل، حق و صداقت کی دلیل، قائدِ انقلاب، شہبازِ خطابت قسم کے خطباء چونکہ ذرا نازک الطبع ہوتے ہیں۔ شاید موسم کی گرمی اور تبلیغی مصروفیات کے باعث شریک نہ ہو سکے۔
اللہ تعالی انہیں صحت و قوت سے نوازے۔ آمین
قاضی صاحب کی عزت افزائی اور اکرام و اعزاز تو اس میں تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سب شریک ہوتے۔۔ کہ
“غم بانٹنے سے آدھا ہو جاتا ہے”
مجھے تو وہ منظر نہیں بھولتا جب ایک ملاقات کے موقع پر فرمایا کہ “بیٹا دعاؤں میں یاد رکھنا کبھی سہولت ہو تو ملاقات کے لیے آ جایا کرو اور جب۔۔۔ تو نماز جنازہ میں ضرور شریک ہونا۔
میں خالص دیہاتی وضع کا ان پڑھ بندہ ہوں۔ ماڈرن دور کے تقاضوں سے تقریباً نابلد ہوں۔ خواہ مخواہ طبیعت جذباتی ہو گئی اس لیے کسی طبع نازک پر گراں گزرنے والے الفاظ پر معذرت چاہتا ہوں اور اللہ سے دعا گو ہوں کہ ہمیں اصلاح احوال کی توفیق سے نوازے۔ حضرت قاضی صاحب کی حفاظت فرمائے۔انہیں صحت و عافیت اور ایمان و تقوی والی لمبی عمر عطا فرمائے۔ ان کی روحانی اولاد کو ان کے نقش قدم پر چلا کر ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے آمین ثم آمین۔

آپکا مخلص: عبدالرحمٰن سعیدی

یہ بھی پڑھیں: دینی طلبہ وعلماء پر خرچ کرنا