اسپغول کا چھلکا ایک ایسی چیز ہے، جس میں طب کے مطابق بہت فوائد پائے جاتے ہیں۔ اکثر آپ کے مشاہدے میں آیا ہو گا کہ کئی ایک بیماریوں یا بے اعتدالیوں کی صورت میں طبیب اسپغول کا چھلکا استعمال کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔ تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ روزمرہ زندگی میں اس کا استعمال ہمیں کئی ایک بیماریوں سے راحت دیتا ہے۔ اس کا شمار ریشہ دار غذا میں ہوتا ہے، جو کہ اگر بطور سپلیمنٹ لیا جائے، تو اس کے ریشے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ اس کو کئی ایک چیزوں کے ساتھ بھی ملایا جاتا ہے، جس سے اس میں ریشے یا فائبر کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ یہ کارپوہائیڈریٹ کو مناسب مقدار میں کنٹرول میں کرتا ہے، جو اعلیٰ فائبر فراہم کرتا ہے۔ سو گرام اسپغول 71 گرام فائبر فراہم کرتا ہے۔ یہ بڑی آنت کی صفائی کے لئے ایک بہترین قدرتی علاج ہے۔ اسپغول فضلات اور آنتوں میں اضافی پانی جذب کرتا ہے، جس سے انہضام کی نالی صاف ہوتی ہے۔ اسہال، اپھارہ اور قبض جیسے مسائل کے اندر سکون فراہم کرتا ہے۔
اسپغول کے فوائد:
بطور فائبر سپلیمنٹس استعمال کرنے سے اسپغول جسم میں (ایل ڈی ایل ) یعنی برے کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
دانتوں میں ہونے والے درد کو روکنے کے لئے، سرکہ میں بھگو کر دانتوں پر لگانے سے راحت ملتی ہے۔
اسپغول بھوک اور طلب کم کرکے وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اس مقصد کے لئے کھانے سے آدھا گھنٹے پہلے ایک چمچ اسپغول پانی میں ملا کر استعمال کیا جائے۔
ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں روزانہ بارہ گرام اسپغول کا استعمال بلڈ پریشر کو کم کرسکتا ہے۔
آنتوں کو صحت مند رکھتا ہے اور بواسیر میں ہونے والی تکلیف میں بے حد مفید ہے۔
یہ شریانوں کے اندر جمی چکنائی کو دور کرکے برے کولیسٹرول کو کم کرتا ہے، لہذا اسکے استعمال سے دل کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
اسپغول ذیابیطس کے مرض کے خطرے سے بچاتا ہے۔ خون میں شوگر کی سطح اور انسولین میں باقاعدگی رکھ کر کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بناتا ہے۔
اسپغول پانی میں ملاکر پینے سے عمل انہضام کی نالی کے ذریعے اسٹول بآسانی گزرنے میں مدد کرکے قبض سے بچاتا ہے۔
اسپغول کا استعمال اسہال اور اسکی وجہ سے ہونے والی پانی کی کمی کو دور کرتا ہے۔
استعمال سے پہلے چند ضروری احتیاطی تدابیر:
گردوں، شوگر کے مریض اور جن کا علاج جاری ہے، وہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کریں۔
اگر کوئی دوا باقاعدگی سے لیتے ہیں تو دوا سے ایک گھنٹہ پہلے یا دو گھنٹے بعد اس کا استعمال کریں۔
پانی کی مناسب مقدار کے بغیر اس کا استعمال سوجن اور دم گھٹنے کا سبب بن سکتا ہے۔
آنتوں کی تکلیف، یا خوراک نگلنے میں مشکل ہو، تشنج یا معدے کی نالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ کا مسئلہ ہے تو استعمال سے گریز کریں۔
ادویات کے ہمراہ اسپغول کے استعمال سے ضمنی اثرات یا سائڈ افیکٹس کا امکان ہے۔ لہٰذا ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر استعمال سے گریز کیاجائے۔