انسانی صحت کو برقرار رکھنے میں غذا کا بنیادی کردار تصور کیاجاتا ہے۔ اس لیے ماہر طبیب صحت بخش غذا ہی تجویز کرتے ہیں۔ صحت بخش غذاؤں کی لسٹ اور فہرست تو کافی طویل ہے، لیکن چند غذائیں ایسی ہیں کہ اگر اپنے کھانے پینے میں شامل کر لی جائیں، تو ایک معتدل غذا کا شیڈول بن جاتا ہے۔
کچھ کھانوں میں بھرپور غذائی اجزا ہوتے ہیں اور ان میں مختلف قسم کے وٹامنز اور معدنیات شامل ہوتے ہیں۔ ماہرینِ طب و غذا کے مطابق متوازن کھانے میں پانچ غذائی عناصر شامل ہوں، تو وہ مکمل غذا تصور کیا جاتا ہے۔ جیسے کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، فیٹ یعنی چربی، وٹامن اور معدنیات۔ ایک عام انسان دن میں محدود تعداد میں کیلوریز استعمال کر سکتا ہے۔ اس لیے ماہرین جسم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے غذائی اجزا سے بھرپور کھانے تجویز کرتے ہیں۔ ذیل میں چند اہم اور صحت کے لیے مفید غذائیں تجویز کی گئی ہیں:
دہی
طبی اور غذائی ماہرین کی جانب سے دہی کو غذا کا اہم حصہ قرار دیا جاتا ہے اور تجویز کیا جاتا ہے کہ بہتر صحت کے لیے ہر عمر کے فرد کو اس کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کرنا چاہیے۔ دہی صدیوں سے استعمال کی جانے والی غذا ہے، جس کا شمار سپر فوڈ میں بھی کیا جاتا ہے۔ دہی میں پائے جانے والے ایسڈ جسم دوست ہوتے ہیں، جس سے جسم میں میٹابولک سسٹم تیز ہوتا ہے۔ یہ جسم میں موجود فالتو چربی کو کم کرنے میں بھی موثر ہے۔
بادام
بادام بہترین غذاؤں میں اہم مقام رکھتا ہے۔ روزانہ آٹھ سے 10 بھیگے ہوئے بادام کھانے سے آپ پروٹین، فائبر، وٹامن ای، کیلشیم، تانبے، میگنیشیم، آئرن، پوٹاشیم، سیلینیم، زنک، وٹامن بی اور فولٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
بادام کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے انہیں بھگو کر کھانا ایک بہترین طریقہ ہے۔ ان کا استعمال پٹھوں اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے اور کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔ بادام افسردگی اور تناؤ کو کم کرنے اور خلیوں کو نقصان سے بچانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
اخروٹ
اخروٹ اینٹی انفلیمیٹری ہوتا ہے، یعنی اس کا استعمال سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کولیسٹرول کو کم کرنے اور اعتدال میں رکھنے کے لیے اخروٹ کھانا مفید ہے۔ اخروٹ میں کیلشیم، آئرن، پروٹین، پوٹاشیم، میگنیشیم اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ ہوتے ہیں۔ یہ بلڈ میں شوگر کی سطح کو بہتر بناتا ہے اور کینسر سے محفوظ رکھتا ہے۔
مونگ پھلی
بیج بند غذا یا Beans میں سے مونگ پھلی ایسی چیز ہے، جو قدرے کم قیمت رکھتی ہے اور ہر کسی کو آسانی سے میسر ہوتی ہے۔ اس کے اندر صحت مند چربی، پروٹین اور فائبر کی وافر مقدار ہوتی ہے۔ اس میں بہت سے وٹامنز پوٹاشیم، فاسفورس اور میگنیشیم پائے جاتے ہیں۔ اگرچہ مونگ پھلی میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں، لیکن یہ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں اور ان میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
مونگ پھلی دل کو صحت مند غذائی اجزا کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈینٹ بھی مہیا کرتی ہے۔ ماہرین حاملہ خواتین کو مونگ پھلی کا استعمال تجویز کرتے ہیں۔
لوبیا
لوبیا بھی اغذیہ میں سے بہترین غذا ہے جس میں پروٹین اور فائبر زیادہ ہوتا ہے۔ ان کے علاوہ اس میں آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، کیلشیم اور زنک بھی ہوتا ہے۔ لوبیا میں ایسے مفید غذائی اجزا ہوتے ہیں، جو ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس بلڈ پریشر کو قدرتی طور پر قابو میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ فائبر بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
سبز پتوں والی سبزیاں
یہ آئرن اور غذائی ریشہ سے بھر پور ہوتی ہیں۔ گہرے سبز پتوں والی سبزیوں میں وٹامن اے، سی، کے، میگنیشیم اور کیلشیم پایا جاتا ہے۔ ان میں گلائسیمک انڈیکس بہت کم ہوتا ہے اور یہ فائٹو کیمیکلز اور بی کیروٹین فلاوونائڈز سے بھرپور ہوتی ہیں۔
لہسن
برس ہا برس سے لہسن اپنے بہترین فوائد کے لیے مشہور ہے۔ اس میں سلفر مرکبات بھی ہوتے ہیں۔ اس میں وٹامن بی، وٹامن سی، کیلشیم، پوٹاشیم، تانبا، مینگنیز اور سیلینیم کی کثرت ہوتی ہے۔ متعدد سائنسی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ لہسن کا باقاعدگی سے استعمال بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔ یہ بڑی آنت اور پیٹ کے کینسر سے بھی بچاتا ہے۔ کچا لہسن اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل کا بھی کام کرتا ہے۔
سالمن مچھلی
مچھلی عام طور پر ایک بہترین غذا تصور کی جاتی ہے، سبزیوں کی مختلف اقسام کی طرح مچھلی کی اقسام کے لحاظ سے ان کے فوائد میں فرق ہوتا ہے۔
سالمن مچھلی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ، میگنیشیم، پوٹاشیم، سیلینیم اور وٹامن بی بہت زیادہ پائے جاتے ہیں جو دل اور الزائمر یعنی یاداشت کے چلے جانے جیسی خطرناک بیماریوں سے جسم کو محفوظ رکھتے ہیں۔