اجوائن ایک ایسی دوا یا جڑی بوٹی ہے جس سے بیشتر لوگ واقف ہیں۔ اس کا مزاج تیسرے درجے میں گرم و خشک ہوتا ہے۔ عام طور پر اس کی مقدار خوراک تین ماشہ سے چھ ماشہ تک ہوتی ہے۔ اجوائن کے بیج ناقابل یقین حد تک غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ سے، وہ صحت کے فوائد سے منسلک ہیں اور روایتی ہندوستانی ادویات کے طریقوں میں طویل عرصے سے استعمال ہوتے رہے ہیں۔
ان میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جن میں آئرن، کیلشیم، فاسفورس، تھایامین، کیروٹین، نیاسین، ریبوفلیون، اور نیاسین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی سیپٹک خصوصیات کی بھی حامل ہوتی ہے۔
سوزش کے لیے مفید
اجوائن کی یہ خوبی ہے کہ اس کے بیجوں میں ایسے مرکبات ہوتے ہیں جو جسم میں سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈینٹ اثرات
اجوائن کے بیج اینٹی آکسیڈینٹ مواد سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ بیج آکسیڈیٹیو تناؤ کا مقابلہ کرتے ہیں اور مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
نظام انہضام کی بہتری
اجوائن کے بیجوں میں موجود انزائمز ہاضمہ کے نظام کو بہتر بناتے ہیں۔ جس سے بد ہضمی، گیس، اور پیٹ پھولنے جیسی علامات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ یہ بیج معدے اور جگر کی صفائی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں جس سے دائمی قبض کی علامات سے چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ میٹابولزم کی رفتار بھی بڑھاتے ہیں۔
کمر درد کا علاج
کمر درد آج کل ہمارے معمولات زندگی کی وجہ سے بیشتر افراد کا مسئلہ ہے ،اگر آپ کمر کو درد ہے تو رات کو سونے سے پہلے ایک چائے کا چمچ بھنے ہوئے اجوائن کے بیج لیں اس کے ساتھ ایک گلاس گرم پانی پی لیں۔ کھانا کھانے کے بعد استعمال کرنی چاہیے۔ درد کی صورت متاثرہ جگہ پر لیپ کرنے سے بھی افاقہ ہوتا ہے۔
بلڈ پریشر کنٹرول
سٹڈیز سے پتہ چلتا ہے کہ اجوائن کے بیجوں کا عرق ہلکا مدر دوا (DIURETICS) اثر رکھتا ہے، رگوں کو ہائی بلڈ پریشر کا سامنا اس وقت کرنا پڑتا ہے جب کیلشیم خون اور دل کے خلیوں میں داخل ہوتا ہے۔ کیلشیم کو خون اور دل کے خلیوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے کیلشیم چینل بلاکرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اجوائن کے بیجوں میں کیلشیم چینل بلاکرز کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو کیلشیم کو خون میں شامل ہونے سے روک کر خون کی شریانوں کو آرام پہنچاتی ہیں جس سے بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مدد ملتی۔
بے خوابی کا علاج
نیند کے مسائل ہیں اور بے خوابی کی شکایت ہے تو آپ اجوائن کھا سکتے ہیں۔ اگر آپ رات کو سونے سے پہلے اجوائن کا استعمال کرتے ہیں تو یہ آپ کے دماغ کو پرسکون کرتا ہے، جس سے آپ کو اچھی اور پُرسکون نیند آئے گی۔
آدھے سر کا درد
آدھے سر کے درد جس کو دردِ شقیقہ بھی کہاجاتا۔ اس کی وجہ سے پیٹ کا درد بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ اس درد کی علامات کو کم کرنے کے لیے اجوائن کے بیج کا سونگھنا یا دھواں لینا مفید ہوتا ہے۔ کچھ اور دماغی امراض جیسا کہ ہذیان کی شدت کو کرنے کے لیے بھی بیجوں کا دھواں لینا یا سونگھنا مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
سردی اور فلو سے نجات
سردی لگ جانا یا نزلہ و زکام کا مسئلہ ہے تو رات کو سونے سے پہلے اجوائن کے بیج نیم گرم پانی کے ساتھ لیں۔ اس سے آپ نزلہ و زکام سے آرام حاصل کر سکتے ہیں۔
گنٹھیا سے ہونے والے درد میں کمی
اجوائن کے بیجوں میں اینٹی بائیوٹک اور اینستھیزیا جیسی خصوصیات پائی جاتی ہیں اس لیے یہ جِلد کی سرخی، سوزش، اور درد کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ گنٹھیا کے درد سے چھٹکارا پانے کے لیے آپ اس کے بیجوں کا پیسٹ بنا کر متاثرہ جوڑوں پر لگا سکتے ہیں جس سے درد کی علامات سے نجات میں مدد ملے گی۔
رات کو سونے سے پہلے اجوائن کا استعمال آپ کو بہت سے فائدے دے سکتا ہے لیکن خیال رہے کہ اجوائن کا زیادہ استعمال نہ کریں۔ اگر آپ کا مسئلہ زیادہ سنگین ہے تو فوری طور پر اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ آپ کی پریشانی زیادہ نہ بڑھ جائے۔