سوال (1609)
ہم ایک مسجد میں جمعہ پڑھتے ہیں ، وہاں کا خطیب شاعری اور اپنی خطابت میں سامعین سے اونچی آواز میں سبحان اللہ کہنے کو کہتا ہے ، ساری مسجد گونج جاتی ہے ، مجھے تو ڈسٹربنس بہت ہوتی ہے چند احباب اور بھی ہیں ، کیا جمعہ کے خطبہ میں اونچی آواز میں سبحان اللہ کہنا کہلوانا زبردستی جائز ہے ؟
جواب
خطبہ جمعہ بنیادی طور ایک مقدس فریضہ ہے ، اس فریضہ کا ایک احترام ہے ، جب ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خطبہ جمعۃ المبارک کو کتابوں میں پڑھتے ہیں ، تو ہمیں یہ پتا چلتا ہے کہ آج کے اکثر خطباء اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خطبات میں زمین و آسمان کا فرق ہے ، سب سے پہلی بات یہ ہے کہ لطیفے ، من گھڑت واقعات کا سہارا وہ خطباء حضرات لیتے ہیں ، جن کے پاس صورتحال کے مطابق موضوع نہیں ہوتے ہیں ، اور نہ ہی وہ اس کے مطابق تیاری کرتے ہیں ، یہ جو کچھ آپ نے بیان فرمایا ہے یہ جمعے کے تقدس اور احترام کے منافی ہے ، لہذا اس رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، ایسے خطیب کی اصلاح کی جائے گی ۔
فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ
اس پر ابن تیمیہ رحمہ اللہ کا فتویٰ جامع المسائل میں ملاحظہ فرمائیں کہ لکھتے ہیں کہ ذکر اونچی آواز سے دوران خطبہ بالاجماع حرام ہے ۔ البتہ بعض چیزوں کا جواب دینا مثلا نبی علیہ السلام کے نام پر منہ میں درود پڑھنا اس بارے میں اختلاف ہے۔
فضیلۃ الباحث اسامہ شوکت حفظہ اللہ