آن لائن تدریس کے حوالے سے مشورہ

میں نے پہلے مشورہ دیا تھا کہ جو دوست اہلیت و شوق رکھتے ہیں اور انہیں کسی مسجد یا مدرسہ میں آن سائٹ/فیزیکل کلاس نہیں مل رہی، تو بالکل پریشان نہ ہوں، بلکہ خود سے آن لائن کلاس شروع کر دیں، کوئی نہ بھی آئے تو خود کیمرے کو ہی کلاس پڑھاتے رہیں، بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے۔

وہ پوسٹ کچھ اس طرح تھی:

مدرسے سے فارغ التحصیل ہوں، تدریس کا شوق ہے، لیکن کہیں موقع نہیں مل رہا۔
ایسے تمام دوست جس علم/فن/ موضوع پر دسترس رکھتے ہیں اس پر آن لائن پڑھانا شروع کر دیں، ایک بھی شاگرد نہ آئے پھر بھی آپ کیمرے کو دیکھ کر پڑھاتے رہیں!
اگر واقعتا شوق اور اہلیت موجود ہوئی تو بہت جلد رزلٹس نظر آ جائیں گے۔ ان شاء اللہ۔

اس پر ایک دوست نے کہا میں تو کیمرے کے سامنے کھڑا ہونے سے بھی بہت گھبراتا ہوں. ایسے تمام دوستوں کے لیے عرض ہے کہ ویڈیو میں آنا ضروری نہیں ہے بلکہ آپ
1۔آڈیو میں بھی ریکارڈنگ کر سکتے ہیں۔
2۔ لائیو نہیں آ سکتے تو آف لائن ویڈیو/ آڈیو ریکارڈ کرکے باقاعدگی سے ڈالنا شروع کر دیں۔
3۔ اسی طرح واٹس ایپ گروپ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس میں آپ وائس/ تحریر کی صورت میں سبق/ درس ارسال کر سکتے ہیں۔
4۔ گروپ میں ڈیل کرنا مشکل ہے تو کمیونٹی یا چینل بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
طریقے بہت سارے ہیں، اگر آپ واقعتا اہلیت اور شوق رکھتے ہیں۔
اور اگر آپ کو کوئی بھی طریقہ نہیں سوجھ رہا، تو اس کا مطلب ہے اہلیت/شوق میں سے کوئی چیز کم ہے یا دونوں موجود نہیں ہیں۔
میرے بھائیو! مسجد اور مدرسہ یہ بڑی اہم اور مبارک جگہیں ہیں، لیکن یاد رکھیں ان پر اصرار آج سے چالیس پچاس سال پہلے تو درست تھا، لیکن اب جب لاکھوں کروڑوں لوگ ڈیجیٹل دنیا میں بھی ہمارے منتظر ہیں، تو پھر ہمیں تھوڑی سے ہمت کرکے اپنے ذہن کو بدلنا چاہیے۔ مجھے پتہ ہے یہ ذہنیت موجود ہے کہ جب ایسے کام ہم کریں گے تو ہم خود بھی شرمسار ہوں گے، لوگ بھی طعنے دیں گے کہ یہ فیس بکی استاذ ہے وغیرہ… لیکن جب آپ خود محنت سے پڑھا رہے ہیں، تو پھر یہ بات کوئی معنی نہیں رکھتی کہ آپ کسی مسجد یا مدرسے میں پڑھا رہے ہیں یا کسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو استعمال کر رہے ہیں!
سنجیدہ اور محنتی لوگ ان پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا شروع کر دیں گے تو ان کی قدر و قیمت خود بخود بڑھنا شروع ہو جائے گی۔ ان شاءاللہ۔
جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فزیکل کلاس میں بہت محنت کرنا پڑتی ہے اور آن لائن تو بس ایسے ہی گزارہ ہوتا ہے، یہ ان کی غلط فہمی اور خام خیالی ہے، محنت اور گزارے کا انحصار آن لائن/ آف لائن کے ساتھ نہیں، بلکہ استاد اور طالبعلم پر ہے۔ بلکہ ڈیجیٹل کلاس کے لیے آپ کو جس طرح تیاری کرنا پڑتی ہے، شاید فزیکل کلاس میں اتنا اہتمام نہ کیا جاتا ہو۔ کیونکہ ایک بند کمرے میں آپ حاضرین و سامعین یا طلبہ کو جیسے تیسے مطمئن کر سکتے ہیں، لیکن جس چیز کے ساتھ آن لائن/ لائیو/ ریکارڈنگ کا ٹیگ لگ جاتا ہے، اس میں محاسبے کے امکانات زیادہ بڑھ جاتے ہیں، جس کے لیے تیاری مزید بہتر کرنا ہوتی ہے۔
اللہ سب دوستوں کے لیے آسانیاں فرمائے۔

#خیال_خاطر

مزید یہ بھی پڑھیں:قاری صاحبان سی وی کیسے تیار کریں؟