مرکزی جمعیت اھل حدیث کا تعزیتی پیغام
فضیلۃ الشیخ مولانا محمد حسن سموں صاحب حفظہ اللہ امیر مرکزی جمعیت اھل حدیث تھرپارکر اور فضیلۃ الشیخ مولانا عبدالرزاق عابد صاحب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اھل حدیث تھرپارکر کا شیخ سعید مجتبی سعیدی رحمہ اللہ کی وفات پر
تعزیتی پیغام.
الحمدللہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی أشرف الأنبیاء والمرسلین نبینا محمد وعلی آلہ وصحبہ وأھل طاعتہ أجمعین،
اما بعد:
محترم شیخ سعید مجتبی سعید رحمہ اللہ کی رحلت کوجماعت عرصہ دراز تک فراموش نہ کرسکے گی،
ہمیشہ انہیں یاد رکھاجائے گا،وہ ایک متبحر عالم دین تھے اور بالخصوص قلم اور تحریر کے شہسوار تھے، ان کی کتب ومضامین پڑھنے سے یقینا ہر قاری یہ نتیجہ اخذ کرے گا کہ بڑے بڑے دقیق مسائل انتہائی سھل اسلوب سے حل کردینا اور تحریر کردینا انہی کا خاصہ تھا، اللہ تعالیٰ نے علم کے ساتھ ساتھ عمل کی دولت سے بھی مالامال کیا تھا، انتہائی سادگی اور تقویٰ وزہد سے بھرپور زندگی گزار گئے اور ہم اہل الحدیث کو سوگوار چھوڑ گئے یقینا جو ایک مقولہ مشہورہے۔
’’موت العالم موت العالم‘‘
پوری طرح ان پر منطبق ہوتا ہے، ان کے انتقال سے ایک ایسا خلا پیدا ہوچکا ہے جسے پُر کرنا بہت مشکل دکھائی دیتا ہے۔
بقول سعید بن جبیر رحمہ اللہ:
لوگوں کی ہلاکت اس وقت ہوتی ہے، جب ان کا عالم فوت ہوجائے‘‘کیونکہ ایک عالم لوگوں کا مربی ہوتا ہے اور ان کی روحانی تربیت کرتا ہے اور روحانی اصلاح ہی درحقیقت ایک حیات جاودانی ہے جو بندہ روحانی مریض ہے وہ مُردوں جیسا ہے تو یقینا علماء دین اسی مقام کے اہل ہیں کہ ان کی موت سے گویا لوگوں کی ہلاکت کا سلسلہ واقع ہوجاتا ہے اور یہی درحقیقت اصل بربادی ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شیخ سعید مجتبی سعید رحمہ اللہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے، جنت الفردوس میں بلند درجات اور مقام عطا فرمائے، اعلیٰ علیین میں انہیں عظیم رتبے سے نوازے۔
اس موقعے پر ہم اپنے آپ کو اور دیگر تمام طلبۃ العلم کو یہ نصیحت کرتے ہیں کہ خلاء کو پر کرنے کی کوشش کریں اور وہ تقویٰ وزہد اور وہ وعمل اور دیگر جو خصائل حمیدہ ان کی زندگی میں موجود تھے انہیں اپنانے کی کوشش کریں اور یہی درحقیقت فوت ہونے والے کے تعلق سے ایک بہترین ضابطہ ہے۔
کہ ان جیسا بننے کی کوشش کی جائے۔
علماء اور مدرسین خاص طور پر اسی نقطہ نظر سے ان پر نظر بھی رکھیں اور محنت بھی کریں کہ فوت ہونے والوں کابدل بلکہ نعم البدل بن جا ئیں تاکہ کوئی خلاء واقع نہ ہواور جو جماعت پر افتاد اس وقت گری ہوئی ہے اور یہ عام الحزن ہے بڑے بڑے علماء داغ مفارقت دے گئے تو ضرورت اس خلاء کو پر کرنے کی ہے طلبۃ العلم محنت کریں اور اساتذہ اور مدرسین پوری ان پر نگرانی کریں اور جو اداروں کے منتظمین ہیں وہ اپنی اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے نظام کو آگے بڑھائیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شیخ سعید مجتبی سعید رحمہ اللہ اور جودیگر علماء فوت ہوئے ان سب کو اپنی جوار رحمت میں جگہ د ے، اللہ تعالیٰ ان سب سے راضی ہوجائے اور جماعت جس صدمہ سے دو چار ہے اللہ تعالیٰ صبر جمیل کی توفیق دے اور اللہ رب العزت ان علماء کا خلاء پُر کرنے کی توفیق عطافرمائے، ماشاء اللہ شیخ سعید مجتبی سعیدی رحمہ اللہ کی علمی خدمات اور وہ جو کتب کثیرہ لکھ گئے ان کا ایک ایک حرف ان کے لیئے صدقہ جاریہ ہے اور یقینا انہوں نے اخلاص کے ساتھ کام کیا۔ اس وقت ان کی کل کتب کی تعداد 35 سے زائد ہے۔
کچھ کا تعارف کچھ اس طرح ہے۔
کتاب التوحید (ترجمہ)
۔ غایۃ المرید شرح کتاب التوحید
۔ اربعین نووی (ترجمہ)
۔ شرح اربعین نووی
۔ اسلام کے احکام و آداب
۔ بدکاروں کی زندگی کا عبرتناک انجام (ترجمہ)
۔ سونا چاندی کے زیورات کیسے خریدیں ؟(ترجمہ)
۔ موت کے وقت (ترجمہ)
۔ منکرینِ حدیث کے شبہات اور ان کا رد
۔ سنن ابن ماجہ (ترجمہ)
۔ الاکمال فی اسماءالرجال
۔ تذکرہ شہدائے بدر واحد
۔ مقامات ِختم نبوت
۔ مقالاتِ سیرت
۔ الفتح الربانی ترتیب مسندامام احمد شیبانی (اردو ترجمہ)
۔ مقدس رسول کے مقدس غزوات
۔ تفسیر سورۃالفاتحہ
۔ تفسیر سورۃ الحجرات
۔ سید ِکائنات کی جنگی مہمات
۔ منتخب سیرۃ المصطفیٰ
۔ مختلف عناوین سے دس پمفلٹ
۔ آدابِ دین ودنیا
۔ تفسیر سورۃ الجمعہ
۔ اللؤلؤ والمرجان فیما اتفق عليه الشیخان
۔تدریب الراوي للسيوطي
۔ صحيفة همام بن منبه (ترجمہ و شرح )
۔ کتاب الزهد للامام ابن المبارك
۔ کتاب الزهد للإمام هناد بن السري
۔ رحمۃ للعالمین از سعید بن علی بن وہف القحطانی (اردو ترجمہ)
۔ مسند علي بن الجعد (اردو ترجمہ)
شیخ سعدی رحمہ اللہ ان کا تصنیف کے میدان میں ایک عظیم کارنامہ ہے جو سنہری حروف سےلکھے جانے کے قابل ہے، اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہو جائے اور ان کو رحم سے ڈھانپ لے۔
قدس اللہ روحہ وتغمدہ برحمتہ ورضوانہ وأدخلہ جنۃ الفردوس وصلی اللہ علی نبینا محمد وعلی آلہ وصحبہ وأھل طاعتہ أجمعین
مرکزی جمعیت اھل حدیث تھرپارکر