کشمیر کے مقتدر اہل حدیث عالم مولانا عبد الغني صاحب شوپیانی (ف- 1965ء) فرزندِ مولانا محمد انور شوپیانی کی بعض مطبوعہ تصانیف کا مختصر تعارف:
١. چہل حدیث: اردو زبان میں پچاس قرآنی آیات اور پچاس احادیث پر مشتمل ایک منفرد مجموعہ۔ اس کتاب میں مصنف مرحوم نے اعداد کی مناسبت سے آیات اور احادیث نقل کی ہیں۔ ایک سے دس کے عدد میں ہر عدد کے تحت پانچ آیات اور پانچ احادیث بیان کی گئی ہیں۔ مثلاً عدد پانچ کے تحت آیت ” بلى إن تصبروا وتتقوا ويأتوكم من فورهم هذا يمددكم ربكم بخمسة آلاف من الملائكة مسومين” اور حدیث “بني الإسلام على خمس…” بیان ہوئی ہے۔ ہر آيت اور حدیث کی مختصر توضیح اور تشریح بھی کی گئی ہے۔
٢. نصف العلم : علم الفرائض پر کشمیری زبان میں منظوم متن۔ فرائض سے متعلق تمام ضروری مسائل کا احاطہ گیا ہے۔ یہ کتاب کشمیری زبان کا ایک ادبی شاہکار ہے۔ حضرت مولانا علم الفرائض میں مہارتِ تامہ رکھتے تھے۔
٣. الرطب الجني في رد هفوات الحاجني: ایک معاند کی کتاب “نجوم الشهابية رجوما للوهابية/ نجوم الهدى رجوما لأهل الطغى” کا رد۔ کتاب میں معاند کی طرف سے شیخ محمد بن عبد الوہاب اور انکی اصلاحی تحریک پر کئے گئے اعتراضات کے کافی و شافی جوابات دیئے گئے ہیں۔ کتاب میں مختلف مسائل مثلا استغاثہ بالاموات، شئیا لللہ، مسئلہ علم غیب وغیرہ پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔ منظوم بزبان کشمیری۔
٤.تحفہ جمعہ: جمعہ کے متفرق مسائل پر اردو زبان میں رسالہ۔ گاؤں میں جمعہ کے جواز اور مقامی زبان میں وعظ پر تسلی بخش بحث کی گئی ہے۔
٥. امامت اور جماعت: امامت اور جماعت سے متعلق ضروری مسائل پر مشتمل اردو زبان میں رسالہ۔
٦. ازالۃ الاشتباہ عن انوار الانتباہ: انوار الانتباہ نامی رسالہ کا رد۔ آیت وما اھل لغیر اللہ کی تشریح اور تفسیر۔ بزرگوں کے نام جانور چھوڈنے اور ذبح کرنے کی حرمت پر مدلل رسالہ۔ بزبان اردو۔
٧. تبلیغ عام: روز مرہ کے مسائل سے متعلق مختصر فتاویٰ کا مجموعہ۔
٨. قصۂ حضرت ایوب علیہ السلام: حضرت ایوب علیہ السلام کے سبق آموز قصے کی منظوم ترجمانی بزبان کشمیری۔
٩. تصدیق وقت جمعہ : جمعہ قبل الزوال کے جواز پر بحث۔ کتاب اہل حدیث عالم مولانا غلام نبی مبارکی صاحب کی “تحقیق وقت جمعہ” کے جواب میں لکھی گئی تھی۔
١٠. کلامِ نبی بجواب غلامِ نبی: مولانا غلام نبی مبارکی صاحب کے رسالہ “غلامِ نبی” کا تنقیدی جائزہ۔ کتاب میں غلام رسول، غلام نبی وغیرہ جیسے ناموں کے عدم جواز پر بحث کی گئی ہے۔ کتاب پر محدث عبید اللہ رحمانی اور مولانا ابو القاسم سیف جیسے اکابر اہل حدیث علماء کی تقاریظ موجود ہیں۔
١١. فتح التواب: کشمیر میں موجود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب آثار و تبرکات کا اسنادی جائزہ اور ثبوت انقطاع۔
١٢. الفرق الظاہر بین المؤمن و الکافر : امام ابن رجب کی کتاب کا اردو ترجمہ۔
١٣. الحلیۃ الفاخرۃ فی احوال السیدۃ الطاھرۃ: ام المؤمنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنھا کی مختصر سوانح اور مناقب پر منظوم رسالہ بزبان کشمیری۔
١٤. صفات النبی : حیات مسیح علیہ السلام پر طویل نظم بزبان کشمیری۔
١٥. صلح جوئی میں جمعیت کا رویہ/ جمعیت سے میری علیحدگی کی وجوہات: تنظیمی امور سے متعلق دو مختصر رسالے۔

[سہیل خالق]