صرف و نحو کا علم تمام عربی علوم و معارف کی تفہیم کیلئے جُزوِ لازم ہے۔ جُملہ علومِ عربیہ کی  بنیاد یہی ہے۔ ان کے بغیر علومِ نقلیہ (قرآن و حدیث) کے معانی و مفاہیم اور مضمرات تک رسائی ممکن نہیں ہے۔ اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ علمِ نحو وصرف کس قدر اہم ہے۔ ہمارے ہاں عامۃ الناس عربی زبان و بیان سے ناواقف ہیں۔ وہ قرآن و حدیث کو اس حد تک تو لیتے ہیں کہ اس کے پڑھنے اور عمل کرنے پر اجر ہے مگر اس کے الفاظ اور جملوں کے باہم ربط اور سیاق و سباق کو نہیں جانتے۔ گوکہ ان کی ضرورت اس مسئلہ کے ظاہر تک ہوتی ہے، جو کسی نہ کسی صورت پوری ہو رہی ہوتی ہے۔

جبکہ طلبہ مدارسِ دینیہ کی ضرورت عامی احباب سے قدرِ مختلف ہے۔ عامی احباب کی ضرورت جہاں ختم ہوتی ہے وہاں سے طلبہ دینیہ کی ضروت شروع ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مدارس میں اس کا خاص اہتمام موجود ہوتا ہے۔ اور اس پر نصاب کمیٹی کی کڑی نگرانی ہوتی ہے۔ اس لیے ماہرِین فن اساتذہ کرام کی خدمات سے استفادہ کیا جاتا ہے۔ طلبہ گروہ اور جماعت کی صورت میں نحو و صرف کا نہ صِرف مذاکرہ کرتے ہیں بلکہ مناظرہ و مباحثہ سے بڑھ کر کبھی کبھی از راہِ تفنن پُروقار مجادلہ و مخاصمہ بھی کر گزرتے ہیں۔ بہر صورت یہ تمام صورتیں طلبہ دینیہ کی خوبصورت یادگار کے طور سے لوحِ دل  پر نقش رہتی ہیں۔

ان علوم کی اہمیت کے پیشِ نظر وِفاق المدارس السلفیۃ پاکستان نے مختلف شہروں میں اہم مضامین پر متعلقینِ مضامین کو تربیتی ورکشاپ دینے کی جاندار منصوبہ بندی کی  ہے۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی، جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ کی صورت دیکھی جا سکتی ہے۔مضافات اور اندرونِ شہر فیصل آباد سے ورکشاپ میں مشارکت کرنے والے دینی جامعات میں جامعہ سلفیہ، فیصل آباد / کلیہ دارالقرآن، فیصل آباد / جامعہ تعلیم الاسلام، ماموکانجن / تقویۃ الاسلام، اوڈانوالہ / مرکز العلوم الاسلامیہ، ستیانہ بنگلہ / کلیہ شرعیہ للبنات، مدینہ ٹاؤن، فیصل آباد / جامعہ تعلیم القرآن والحدیث، شیخ کالونی، فیصل آباد / مدرسہ سلفیہ للبنات، گوبندپورہ، فیصل آباد / جامعہ تعلیم البنات، حاجی آباد، فیصل آباد ۔۔۔وغیرہ ، نمایاں ہیں۔

کسی بھی تربیتی ورکشاپ میں ایک اہم چیز ورکشاپ کا “تربیت کار” ہوتا ہے۔ نحو و صرف کی اس ورکشاپ میں استاذ العلماء، ممتاز ماہرِ تعلیم، فضیلۃ الشیخ حضرت مولانا محمد ادریس اثری حفظہ اللہ تعالیٰ بطور تربیت کار مدعو کیے گئے تھے۔ آپ نے خداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے، حاضرینِ محفل کی نہایت ہی سلیس انداز میں عمدہ تربیت فرمائی۔

ناظمِ اعلیٰ وِفاق المدارس السلفیہ پاکستان، مدیر التعلیم جامعہ سلفیہ، فیصل آباد / پروفیسر چودھری محمد یٰسین ظفر حفظہ اللہ تعالیٰ نے تربیتی ورکشاپ کے آغاز میں موضوع کی اہمیت اور مجلسِ موجود کی افادیت پر نہایت ہی پُرشُکوہ کلمات ارشاد فرمائے۔

تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر جُملہ مشارکین کی خدمت میں ظُہرانہ پیش کیا گیا۔

رپورٹ: عبدالقیوم فرُّخ       
(استاذ جامعہ سلفیہ، فیصل آباد)