سوال (583)

بزرگ کا بیماری کی وجہ سے پیمپر پہن کر نماز پڑھنا درست ہے؟

جواب

اگر تو پیمپر اس وجہ سے استعمال کیا جاتا ہے کہ بزرگ پیشاپ پاخانہ روک نہیں پاتے، اور وقتا فوقتا غلاظت نکلتی رہتی ہے، تو یہ ایک اضطراری کیفیت ہے، ایسی حالت میں مریض کے لیے حکم ہے کہ وہ پیمپر یا کپڑا وغیرہ رکھ لیں جو گندگی کو بقیہ جسم اور کپڑوں پر لگنے سے بچائے، اور پھر نماز اور بقیہ کام کرلیں جن کے لیے طہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایک مرتبہ وضو کر کے وہ ایک نماز اور اسکی جو سنتیں اور نوافل ہیں وہ ادا کرسکتے ہیں، جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فاطمہ بنت ابی حبیش رضی اللہ عنہا سے کہا تھا کہ جب حیض کا خون آئے تو نماز سے رکی رہو، لیکن:

“إِذَا كَانَ الْآخَرُ, فَتَوَضَّئِي وَصَلِّي, فَإِنَّمَا هُوَ عِرْقٌ” [ابوداؤد:286]

’ جب دوسرا (استحاضہ کا خون) ہو تو وضو کرو اور نماز پڑھو،کیونکہ یہ ایک رگ ہوتی ہے‘۔
لیکن واضح رہے کہ نماز ادا کرنے کے بعد وضو ختم ہو جائے گا اور دوسری نماز کے لیے پہلے وہ مرد یا عورت استنجا کریں گے گندے کپڑے یا پیمپر کو تبدیل کریں گے اور پھر نئے وضو کے ساتھ نماز ادا کریں گے۔

فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ