سوال (445)

فن قراءات کے متن شاطبیہ کی اردو شروحات اور عربی شروحات میں جو اہم اور معتمد کتابیں ہوں ان کے نام برائے مہربانی بتا دیں!؟

جواب

«حرز الأماني ووجه التهاني» المعروف بہ «شاطبیہ» کو فن قراءات میں وہی اہمیت ہے، جو بخاری کو کتب حدیث میں اور مقدمۃ ابن الصلاح کو کتب مصطلح میں، اس کی اب تک بہت ساری شروحات لکھی گئی ہیں اور مسلسل لکھی جا رہی ہیںـ اگرچہ شاطیبہ کی اصل ایک اور کتاب ہے جو فن قراءت کے امام ابو عمرو الدانی کی التیسیر ہے، جس میں سبع قراءات کو جمع کیا گیا ہے!
عربی زبان میں منظومہ شاطبیہ کی درجنوں شروحات لکھی گئی ہیں، جن میں بعض اہم درج ذیل ہیں:

1۔فتح الوصيد في شرح القصيد، لأبي الحسن علي بن محمد السخاوي، ( ت: 643 هـ ). یہ شاطبی کے شاگرد ہیں۔
2۔ الدرة الفريدة في شرح القصيدة، لأبي يوسف المنتجَب بن أبي العز بن رشيد الهمَذاني، ( ت: 643 هـ ).
3۔ اللآلئ الفريدة في شرح القصيدة، لأبي عبد الله محمد بن حسن الفاسي، ( ت: 656 هـ ).
4۔ كنز المعاني في شرح حرز الأمـاني، لأبي عبد الله محمد بن أحمد بن محمد الموصلي، المعروف بشعلة، ( ت: 656 هـ ).
5۔ إبراز المعاني من حرز الأمـاني، لأبي القاسم عبد الرحمن بن إسماعيل المقدسي، المعروف بأبي شامة، ( ت: 665 هـ ).
6۔ كنز المعاني في شرح حرز الأمـاني ووجه التهـاني، لأبي إسحاق إبراهيم الجعبري الخليلي، ( ت: 732 هـ ).
7۔ المهند القاضبي في شرح قصيدة الشاطبي، لابن سكن أحمد بن علي الأندلسي، (ت: 640 هـ)

البتہ عصر حاضر میں ایک عام طالبعلم کی ذہنی سطح کو سامنے رکھتے ہوئے جو شرح لکھی گئی ہے وہ علامہ عبد الفتاح القاضی(ت ١٤٠٣هـ) کی الوافی فی شرح الشاطیبۃ ہے، جو ایک تدریسی شرح ہے اور اس میں اختصار کے ساتھ حل متن اور مسائل کی وضاحت پر توجہ کی گئی ہے۔
اردو زبان میں قاری اظہار تھانوی (ت 1991ء- 1412هـ) رحمہ اللہ کی ’امانیہ’ شرح شاطبیہ ہے، مدارس میں اساتذہ اور طلبہ عموما اسی سے استفادہ کرتے ہیں، جبکہ اردو میں علی الاطلاق سب سے بہترین اور مفصل شرح قاری فتح محمد پانی پتی (ت 1987ء ۔ 1407هـ) رحمہ اللہ کی “عنایات رحمانی ہے”، جو کہ تین ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ