اردگرد معاشرے میں نظر دوڑائیں، سوشل میڈیا پر دیکھیں، تو بے شمار خامیاں نظر آتی ہیں، کئی ایک لوگ کوتاہیوں میں الجھے نظر آتے ہیں۔
اگر یہ بات ایسے ہی ہے تو یاد رکھیں یہ ہمارے لیے سنہری موقع ہے کہ ہم دوسروں کو دیکھ کر تنقید کرنے سے پہلے اپنی غلطیوں کو درست کرلیں، کیونکہ جو کچھ ہمیں اپنے ارد گرد نظر آرہا ہے، ہو سکتا ہے، وہی کچھ ہماری اپنی ذات میں بھی موجود ہو۔ یہ ایک فطری خامی ہے کہ انسان کو اپنی بڑی سے بڑی غلطی نظر نہیں آتی، لیکن دوسروں کی کوتاہیاں بہت جلد محسوس ہوتی ہیں!!
کیا آپ اپنے اردگرد درج ذیل منفی رویے محسوس نہیں کرتے؟:

  • دوسروں کو حقیر جاننا
  • بڑوں سے بدتمیزی، چھوٹوں سے سختی
  • غیر ضرروی تصاویر اور سیلفیاں
  • لڑائی جھگڑوں میں حصہ لینا
  • دوسروں کی کامیابیوں سے جلنا، ان کی غلطیوں اور ناکامیوں پر خوش ہونا
  • وقت کا ضیاع
  • غیر ضروری طنز و مزاح
  • حق کو جھٹلانا، باطل کی حمایت کرنا
  • جاسوسی و غیبت کرنا

اس قسم کی بے شمار برائیاں ہیں، جو ہم دوسروں میں دیکھ کر کڑھتے ہیں، اور بعض دفعہ تو کھل کر تنقید بھی کرتے ہیں۔ لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ شاید یہی غلطیاں یا ان سے بھی بڑی کوتاہیاں ہمارے اپنے اندر موجود ہوں!
ہم کسی پر تنقید کریں تو ہمیں لگتا ہے کہ دینی فریضہ ادا کر رہے ہیں، جبکہ دوسرا ہٹ دھرم ہے جو حق کو قبول نہیں کرنا چاہتا، اور بلاوجہ مجھ پر حسد کا الزام لگا رہا ہے..
حالانکہ عین ممکن ہے کہ یہی کچھ ہم بھی دوسروں کے ساتھ کر رہے ہوں! لیکن ہمیں احساس ہی نہ ہوتا ہو۔
اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ فلاں آدمی آپ کی پوسٹ لائک نہیں کرتا، آپ کی تشہیر نہیں کرتا، آپ کے دعوتی کاموں کی پذیرائی نہیں کرتا، تو غور کریں کہ کیا آپ نے کبھی اس کی حوصلہ افزائی کی ہے؟ یا کتنے لوگ ہیں، جو آپ کے ارد گرد اچھے کام کرنے والے ہیں، تو آپ کتنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں؟
جب کوئی شخص اپنی تصویر لگاتا ہے، یا اپنی کسی ایکٹیوٹی کی کوریج کرتا ہے، تو آپ کو لگتا ہے کہ یہ ریا کار ہے، اور ہو سکتا ہو کہ آپ اس پر پوسٹ بھی لگا دیتے ہوں کہ آج کل لوگ ایسے ویسے کر رہے ہیں!!
لیکن یہی کام جب آپ کی طرف سے ہوتا ہے تو آپ اپنے لیے بڑی اچھی توجیہات و تاویلات سوچ لیتے ہیں، مثلا: میرا مقصد تو یہ نہیں وہ تھا، یا میں تو نہیں چاہتا تھا، یہ بس فلاں نے ایسا کر دیا، یا اور کچھ بھی نہ ہو تو ہم یہ کہہ دیتے ہیں کہ یار نہ کرو، فیس بکی مفتیوں نے جینا حرام کر دینا ہے… حالانکہ وہ فیس بکی مفتی کون ہیں؟ کیا آپ خود نہیں ہیں؟ کیا آپ دوسروں پر تنقید نہیں کرتے؟!
اگر آپ کی تنقید درست ہے، تو دوسروں پر مفتی کی پھبتی کیوں؟ اور اگر آپ کی تنقید غلط ہے، تو اس سے باز کیوں نہیں آ جاتے؟
مومن مومن کے لیے آئینہ ہوتا ہے، تو جب آپ کسی بھائی میں کوئی خامی دیکھیں، تو سب سے پہلے یہ غور کریں کہ ہو سکتا ہے کہ اس بھائی کی شکل میں مجھے میری خامیاں درست کرنے کا موقعہ ملا ہو!

#خیال_خاطر

یہ بھی پڑھیں:بڑے لوگوں سے پیار لینے کےلیے سر جھکانا کیسے ہے؟