إنا لله وإنا إليه راجعون ● إنا لله وإنا إليه راجعون ●
لغات کے حوالہ سے ایک عالمی نام، جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ( مدینہ یونیورسٹی ) میں شعبہ لغة عربیة کی جان ، عربی زبان سے واقفیت میں ہمارے انتہائی محسن و کرم فرما ، مجمع الملک فہد کے شعبہ تراجم کے روح رواں ، فضیلة الشیخ ڈاکٹر ف عبد الرحیم صاحب اب سے کچھ دیر قبل مدینہ منورہ میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں۔
إنا لله وإنا إليه راجعون .
دکتور ف صاحب کی وفات کی خبر سن کر میں اپنے آپکو 34 برس قبل شعبہ لغة عربیة میں داخلہ کے اپنے پہلے دن دکتور ف صاحب کے کمرہ میں بیٹھا محسوس کر رہا ہوں، مدینہ یونیورسٹی میں ہمارے پہلے تعلیمی دن کے موقع پر دکتور ف صاحب نے جب فیصل آباد اور پھر حضرت حکیم عبدالرحیم اشرف رحمہ اللہ کے حوالہ سے سوال کئے، تو میں ششدر رہ گیا تھا۔ ازاں بعد جب مستوی رابع میں دکتور ف صاحب سے براہ راست دروس اللغہ العربیہ پڑھنے کا موقع ملا ، تو مشاہدہ ہوا کہ طالبعلم کے دماغ میں سبق اتارنا انکا فن ہے۔
دکتور ف ، آج ہم ہزاروں میل دور بیٹھے آپکے ممنون ہیں ، دکتور ف ! آج میں یہاں پاکستان میں، عالجو مصطفی بوسنیا میں، سلمان موز گھانا میں ، عاصم کینیڈا میں ، محمد ڈبلن میں، علی کانگو میں، عبدالمجیب بنکاک میں ، محمد علی پال استنبول میں ، حسن کردستان میں آپکی وفات کی خبر پر انتہائی دکھ کے ساتھ ہیں ۔ ہم سب اپنے گروپ میں آپکی نشست و برخاست، آپکی چال ، آپکے طرز تکلم اور ہم جیسے مشوش طلبہ کو محبت کی زنجیر میں باندھنے کو یاد کر کے آپکے احسان مند ہیں ۔
ہمارے نامہ اعمال میں اگر کوئی نیکی ہے تو یقینا وہ آپکے لئے صدقہ جاریہ ہے ۔ اللہ تعالی اپکو فردوس بریں مقام عطا فرمائے ۔ آمین

عبد الصمد معاذ